03 اپریل ، 2015
کراچی......سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی بار خاتون ایس پی کو ترجمان کا عہدہ سونپ دیا گیا۔ تاریخی تقرری پر ارم اعوان کہتی ہیں، بیک وقت پولیس افسر، بیوی اور ماں ہونا ایک کڑا امتحان اور بڑی ذمے داری ہے۔ مگر وہ اس چیلنج کو بخوبی نبھارہی ہیں۔ پولیس سروس آف پاکستان گروپ کی گریڈ 18کی افسر ایس پی ارم اعوان کو سندھ پولیس کی ترجمان مقرر کردیا گیا۔ جیکب آباد سے تعلق رکھنے والی ارم اعوان نے ابتدائی تعلیم آبائی علاقے میں حاصل کی جبکہ مزید تعلیم کے لیے کراچی منتقل ہوگئیں۔ سی اے کوالیفائیڈ ارم اعوان نے کمیشن کا امتحان 2008ءمیں پاس کیا اور ٹریننگ کے بعد 2010ءمیں پولیس سروسز گروپ کو جوائن کیا۔ وہ اندرون سندھ فیلڈ پوسٹنگ کے علاوہ ایف سی میں بھی ایک سال خدمات انجام دے چکی ہیں۔خاتون افسر کے پاس ترجمان سندھ پولیس کے علاوہ اے آئی جی ویلفیئر کا بھی چارج ہے۔ نجی زندگی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے ان کے شریک حیات بھی ایک پولیس افسر ہیں جس کی وجہ سے انہیں ازدواجی زندگی میں دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، ایک بیٹے کی والدہ ہونے کی ذمہ داری بھی ان کے کاندھوں پر ہے۔ سندھ پولیس کے اس اقدام کو زندگی کے ہر شعبے میں خواتین کو برابری کے حقوق دینے کی عملی مثال قرار دیا جارہا ہے، ایک خاتون کو اس سے قبل علاقہ اے ایس پی اور متعدد کو ایس ایچ اوز بھی تعینات کیا جاچکا ہے۔