03 اپریل ، 2015
اسلام آباد.......تحریک انصاف کے بیشتر ارکان قومی اسمبلی میں واپسی کے لیے رضا مندہیں۔ جوڈیشل کمیشن کا آرڈیننس آگیا، مطالبہ پورا ہوگیا، لیکن بعض ارکان کہتے ہیں کمیشن کے قیام کا انتظار کرنا چاہیے۔ پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں جانے کا فیصلہ اتوار کو کور کمیٹی کرے گی۔ تحریک انصاف کے ارکان کی اکثریت قومی اسمبلی میں جانے پر رضامند ہوگئی ہے۔ ان ارکان کا کہنا ہے کہ جوڈیشل کمیشن کےقیام کا آرڈیننس جاری ہوگیا ہے، تمام مطالبات پورے ہوگئے ہیں اس لیے اسمبلیوں میں واپس چلے جانا چاہیے، لیکن بعض ارکان کا کہنا ہے کہ ابھی صرف آرڈیننس جاری ہوا ہے، جوڈیشل کمیشن کے قیام تک قومی اسمبلی میں واپس نہیں جانا چاہیے۔ اس بارے میں حتمی فیصلے کے لیے کور کمیٹی کا اجلاس اتوار کو بنی گالا میں طلب کرلیا گیا ہے، یاد رہے کہ یمن کے معاملے پر پیر کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہونا ہے۔