07 اپریل ، 2015
لاہور.........وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملاوٹ والی اشیائے خوردونوش بیچنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے،ایسے افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں،ان کی اصل جگہ جیل ہے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کو معیاری اور حفظان صحت کے مطابق اشیائے خوردونوش کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے، صوبائی حکومت اپنی یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھائے گی۔ شہباز شریف نے متعلقہ محکموں کو اس سلسلے میں جامع ایکشن پلان ترتیب دینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور میں مختلف اضلاع کے منتخب نمائندوں نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے ملکی تاریخ کے سب سے بڑے اور منفرد پروگرام کا آغاز کیا ہے سڑکوں کی کم ازکم چوڑائی 10فٹ سے بڑھا کر 12فٹ کر دی گئی ہے، پہلے مرحلے میں سڑکوں کی تعمیر وبحالی پر 15ارب روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیر صدارت ایک اجلاس میں باب پاکستان منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ باب پاکستان قیام پاکستان کیلئے قربانیاں دینے والوں کی یاد میں تعمیر کیا جا رہا ہے۔