پاکستان
07 اپریل ، 2015

پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ واپسی پر تابڑ توڑ باؤنسرز سے استقبال

پی ٹی آئی کی پارلیمنٹ واپسی پر تابڑ توڑ باؤنسرز سے استقبال

اسلام آباد.........تحریک انصاف کے ارکان پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کرنے پہنچے تو انھیں کڑی تنقید برداشت کرنا پڑی۔ خواجہ آصف بھی بپھر گئے، کہتے ہیں کہ قانونی باتیں سب ٹھیک، لیکن کوئی شرم و حیا ہے؟ کہ پی ٹی آئی والے کس منہ سے اسمبلی میں آئے ہیں؟۔ تحریک انصاف کی پارلیمنٹ ہاوس میں اینٹری جوائنٹ سیشن کا ہاٹ کیک بن گئی۔ اجلاس شروع نہ ہوا کہ ہنگامہ آرائی کا آغاز ہوگیا، پہلے سیشن کے بعد ہی عمران خان نے ایک بار پھر اسمبلیوں کو جعلی بنا کر نیا پنڈورا بکس کھول دیا۔ دوسرا سیشن شروع ہوا تو وزیر دفاع خواجہ آصف جیسے بھرے بیٹھے تھے، جذبات میں آکر توپوں کا دہانہ کھولا تو گولا باری میں پی ٹی آئی والوں کو اخلاقیات، شرم اور حیا کا سبق پڑھاتے چلے گئے، اس سے پہلے صبح کے سیشن میں پارلیمنٹ میں پی ٹی آئی والے داخل ہوئے تو حکومت اور اپوزیشن نے مخالفانہ نعروں اور شور شرابے میں کی گونج میں ویلکم کیا۔ اسپیکر کی آوازیں بھی نقار خانے میں طوطی کی آواز ثابت ہوئی، تو اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ اٹھے اور گرج برس کر اراکین کو خاموش کرانے کی کوشش کی۔ یاد ماضی عذاب ہے یا رب، یہی کچھ اپوزیشن لیڈر نے تحریک انصاف والوں کو بھی یاد کرایا۔ اے این پی، جے یوآئی ف والے ایوان میں بھی سیخ پا تھے، ایوان کے باہر بھی خوب لتے لیے، ایم کیو ایم نے بھی پی ٹی آئی ارکان کی واپسی پر شدید احتجاج کیا، فاروق ستار نے کہا کہ اجنبی لوگوں کا ایوان میں آنا آئین سے کھلواڑ ہے، احتجاج کریں گے اور عدالت بھی جاسکتے ہیں۔ یوں نعروں کی گونج اور شور شرابے کی گرج برس میں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کے پہلے دن کارروائی چلی، ابھی تو ابتدائے عشق ہے آگے آگے دیکھِیے ہوتا ہے کیا۔

مزید خبریں :