07 اپریل ، 2015
اسلام آباد.......اسلام آباد ہائی کورٹ نے سیکرٹری کابینہ کو بطور قائم مقام چیئرمین اوگرا اختیارات استعمال کرنے سے روکتے ہوئے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کو چیئرمین اوگرا کے خلاف انکوائری ایک ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بنچ نے چیئرمین اوگرا سعید احمد کو جبری رخصت پر بھجوانے کے حکومتی اقدام کے خلاف عدالتی فیصلہ کالعدم قرار دینے کی اپیل پر سماعت کی۔وفاق کی اپیل میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ چیئرمین اوگرا کو معطل یا فارغ نہیں کیا گیا بلکہ ان کے خلاف انکوائری شفاف بنانے کے لیے جبری رخصت پر بھجوایا گیا ۔ چیئرمین اوگرا کے وکیل بابر ستار نے عدالت کو بتایا کہ انکوائری تو ممبر گیس کے خلاف بھی چل رہی ہے مگر انہیں جبری رخصت پر نہیں بھجوایا گیا۔