پاکستان
08 اپریل ، 2015

یمن کی صورتحال : ایرانی وزیرخارجہ آج پاکستان آئینگے

یمن کی صورتحال : ایرانی وزیرخارجہ آج پاکستان آئینگے

اسلام آباد .......ایران کے وزیرخارجہ محمد جاوید ظریف آج پاکستان آئیں گے۔ توقع ہے کہ وہ یمن کی جنگ میں پاکستان کی شمولیت کے حوالے سے اپنا موقف واضح کرینگے۔ جاوید ظریف کہتے رہے ہیں کہ یمن کی صورت حال کو طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کیا جائے۔ایرانی وزیرخارجہ پاکستان آنے سے قبل ترکی بھی گئے تھے اور وہاں کی حکومت کو بھی اعتماد میں لیا ہے جبکہ پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف اور سعودی ولی عہد بھی ترک حکام سے مل کر مشرق وسطیٰ میں ہونے والی اس سنگین صورتحال پر تبادلہ خیال کرچکے ہیں۔ سعودی عرب اور ایران یمن کی جنگ میں فریقین کا کردار ادا کررہے ہیں، ایران نے حوثی باغیوں کی پیٹھ تھپک کر انہیں لڑائی پر آمادہ کیا ہے جبکہ سعودی عرب کو یہ خوف ہے کہ یمن سے اسکی سرحدیں ملتی ہیں ۔ اس لیے کہیں ایسا نہ ہو کہ اس جنگ سے ان کا ملک بھی متاثر ہوجائے۔ اسی خدشے کے پیش نظر سعودی عرب اتحادی ممالک کے ساتھ مل کر گذشتہ ماہ سے یمن میں حوثی باغیوں پر فضائی حملے کر رہا ہے۔ اس صورت حال میں سعودی عرب چاہتا ہے کہ اس کا دیرینہ اور مستحکم حلیف پاکستان بھی اس اتحاد میں شامل ہو ۔ سعودی عرب نے پاکستان سے بری فوج، لڑاکا طیارے اور جنگی بحری جہاز بھی مانگے ہیں۔ پاکستان کی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں تمام سیاسی جماعتیں اس بارےمیں اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کر رہی ہیں۔ اکثر سیاسی جماعتوں کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اس جنگ سے دور رہنا چاہیے۔

مزید خبریں :