08 اپریل ، 2015
اسلام آباد .....عبد الرشید غازی قتل کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد روکتے ہوئے 27 اپریل کو ٹرائل کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس نور الحق قریشی نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر سماعت کی۔ پرویز مشرف نے ایڈیشنل سیشن جج واجد علی کی جانب سے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کے حکم نامے کو چیلنج کیا تھا۔ پرویز مشرف کے وکیل ملک طاہر محمود نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ پرویز مشرف 27 اپریل کو ٹرائیل کورٹ میں پیش ہو جائینگے،جس پر عدالت نے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد روکتے ہوئے کہا کہ مشرف 27 اپریل کو عدالت میں پیش نہ ہوئے تو انکے وارنٹ بحال ہو جائینگے۔