دنیا
11 اپریل ، 2015

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،جلیل عباس

امریکا میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں،جلیل عباس

ڈیلس .....راجہ زاہد اختر خانزادہ...... امریکا میں متعین پاکستان کے سفیر جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ امریکہ میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی اپنے ملک کی خوشحالی اور پاکستانیوں کا معیار زندگی بلند کرنے کے لئے جو کردار ادا کر رہی ہے ان کی یہ خدمات ناقابل فراموش ہیں، یہی وجہ ہے کہ میں ان کی تہہ دل سے عزت کرتا ہوں، یہ بات انہوں نے پاکستان امریکن ایسوسی ایشن ٹیکساس کی جانب سے ان کے اعزاز میں منعقدہ ایک ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں کمیونٹی رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جلیل عباس نے کہاکہ میں نے یہ محسوس کیا ہے کہ بحیثیت سفیر جو میں کام کر رہا ہوں وہی کام آپ سب بھی سرانجام دے رہے ہیں، امریکا بھر میں بسنے والی پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے جس پر مجھے اور پوری قوم کو آپ پر فخر ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان پر جب بھی کڑا وقت آیا آپنے پاکستان کے لئے اپنے دلوں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے ہیں انہوں نے کہاکہ آپ لوگوں میں کافی افراد کو پاکستان میں درپیش چیلنجز سے متعلق کافی تشویش ہے لیکن میں آج آپ کے سامنے یہ بات اعتماد سے کہہ رہا ہوں کہ پاکستان ماضی کے مقابلے میں اس وقت کافی بہتر ہے نہ صرف امن و امان بلکہ معاشی اعتبار سے بھی پاکستان کافی مضبوط ہوا ہے انہوں نے کہاکہ یہ میں نہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر قابل اعتماد ایجنسیاں یہ باتیں کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو دہشت گردوں اور انتہا پسندوں سے صاف کرا لیا گیا ہے اور پاکستانی قوم نے بھی اس ضمن میں بھرپور مدد فراہم کی انہوں نے کہاکہ میں سابقہ ادوار میں خارجہ سیکرٹری بھی رہا اس لئے میں یہ بات اعتماد سے کہہ رہا ہوں کہ کل کے اور آج کے پاکستان میں زمین و آسمان کا فرق ہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی حکومت کی جانب سے بھرپور تعاون کے سبب کئی منصوبوں پر عملدرآمد مکمل ہو گیا ہے جبکہ کئی منصوبے ابھی جاری ہیں جن سے براہ راست عوام کو فائدہ ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ ڈیلس‘ ٹیکساس کے پاکستانیوں کو میں واشنگٹن میں قائم سفارتخانے میں آنے کی دعوت دیتا ہوں کہ جب کبھی بھی آپ کا وہاں آنا ہو ضرور اپنے ملک کے سفارتخانے کا دورہ کریں ہمارے دروازے آپ کے لئے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔ اس موقع پر پاکستان امریکن ایسوسی ایشن ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر جاوید اجمل نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ ایسوسی ایشن کے بانی اور سابق صدر ڈاکٹر عامر سلیمان‘ نائب صدر ڈاکٹر سمیر اقبال نے اپنے خطاب میں پاکستانی سفیر کو امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں اور انجینئروں کو مشترکہ تعلیمی پروگرام سے متعلق اپنے خطاب میں اہم تجاویز پیش کیں اور بتایا کہ وہ کس طرح پاکستان میں مقیم ڈاکٹروں اور انجینئروں کو یہاں رہتے ہوئے تعلیم کے شعبوں میں فائدہ پہنچا سکتے ہیں۔ اس موقع پر کمیونٹی رہنماء سید فیاض حسن‘ عشر احمد‘ امریکی مصنف ایتھن کیسی نے بھی خطاب کیا جبکہ خصوصی طور پر پاکستانی کمیونٹی رہنماء امیر علی روپانی کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے سفیر پاکستان کے پروگرام کو یقینی بنایا۔ اس موقع پرڈیلس کی کمشنر ٹریسا ڈینیل نے سفیر پاکستان کو ایسوسی ایشن کی جانب سے شیلڈ پیش کی۔ تقریب میں ڈپٹی پولیس شیرف‘ ڈیلس اسکول بورڈ کے چیئرمین لیری ڈنکسن‘ فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے مالکان جان حامد‘ شارق حامد‘ ساؤتھ ایشیا چیمبر کی صدر شبنم موڈ گل‘ ڈاکٹروں کی تنظیم اپنا کے صدر ڈاکٹر زیم نواز‘ معروف بزنس مین اسلم خان‘ پاکستان کرسچئن کلچرل ایسوسی ایشن کے صدر جاوید سموئیل گل‘ مسلم کمیونٹی رہنماء ڈاکٹر بشیر احمد‘ ساؤتھ ایشیا ڈیموکریسی واچ کے آصف آفندی‘ غلام وڑائچ‘ راشد ڈارا‘ ندیم اختر‘ ڈاکٹر فریحہ قاضی‘ امینہ رب سمیت کئی مقتدر شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر پاکستان اور امریکہ کے قومی ترانے بجائے گئے جس پر وہاں موجود تمام حاضرین نے باادب کھڑے ہو کر دونوں ملکوں کا قومی ترانہ سنا۔

مزید خبریں :