11 اپریل ، 2015
کراچی..........پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل نےاعلان کیا ہے کہ 19 اپریل کو پاکستان تحریک انصاف کا جلسہ شاہراہ پاکستان پر ہوگا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے کوئی معائدہ نہیں ہوا، الطاف حسین کے بعد دونوں جماعت کے درمیان کشیدگی کم ہوئی ہے۔ کراچی میں کریم آباد کیمپ پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، کور کمیٹی کے اجلاس میں جلسے کے حوالے سے فیصلے ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 19 اپریل کو ہی جلسہ ہوگا جو کہ شاہراہ پاکستان میں ہوگا، جگہ تبدیل کرنے کی وجہ یہ ہے کہ جناح گراؤنڈ میں جلسے کی جگہ چھوٹی ہے، عمران خان نے کہا ہے کہ کوئی ایسی جگہ دیکھو جہاں لوگوں کو آنے اور جانے میں آسانی ہو۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جلسہ 19 اپریل کو اتوار کے دن ہوگا جس میں عمران خان خطاب کریں گے، عمران خان 18 تاریخ کو آئیں گے اور ان تمام جگہوں پرجائیں گے جہاں نہیں جاسکے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے ہمیں جناح گرائونڈ میں جلسے سے نہیں روکا جارہا، عمران خان نے بھی جلسے کے حوالے سے ایم کیو ایم کی آفر کو خوش آمدید کہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خوف ایم کیو ایم سے تھا، وہ خود بلا رہے ہیں تو کس بات کا خوف۔عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہمارا ایم کیو ایم سے کوئی معائدہ نہیں ہوا ہے، متحدہ سے کوئی مدد نہیں مانگی، ہم خود اپنی طاقت سے جلسہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہماری اتحادی جماعت ہے، ہم نے درخواست کی ہے یہ مقابلہ ون ٹو ون ہونے دیں، مگر ان کا کوئی جواب نہیں آیا۔ اس سے قبل عمران اسماعیل نے پارٹی رہنما اور کارکنان کے ہمراہ کریم آباد کے مختلف علاقوں میں انتخابی مہم جاری رکھی اور لوگوں میں پمفلٹ بانٹے۔