پاکستان
11 اپریل ، 2015

نبیل گبول کا بیان کراچی میںانتخابی دھاندلی کا بڑا ثبوت ہے، سراج الحق

نبیل گبول کا بیان کراچی میںانتخابی دھاندلی کا بڑا ثبوت ہے، سراج الحق

کراچی.........جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کہتے ہیں کہ نبیل گبول کا بیان کراچی میں انتخابی دھاندلی کا سب سے بڑا ثبوت ہے، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔ کراچی پریس کلب میں میٹ دی پریس سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ یمن کی جنگ میں فریق بننے کے بجائے صدر ہادی اور حوثی باغیوں کو پاکستان بلا کر ثالثی کی جائے۔ کراچی پریس کلب میں میڈیا سے بات چیت میں امیرجماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس جمہوریت کے سوا کوئی راستہ نہیں اور اچھی جمہوریت کیلئے الیکشن کمیشن ہی نہیں، ووٹرز کو بھی آزاد کرانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اب مزید کسی فساد کا متحمل نہیں ہوسکتا،ملکی خوشحالی کا انحصار اسی شہر پر ہے اور کراچی کی ترقی ہم سب کی ذمے داری ہے۔ سراج الحق نے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں اپنی کوششوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتیں ایک دوسرے سے لڑنے کے بجائے غربت، جہالت کیخلاف اور عوام کی خوشحالی کیلئے کام کریں، انہوں نے عوامی مسائل اور ملک کو درپیش مشکلات کا ذمے دار اشرافیہ کو قرار دیا۔ سراج الحق نے یمن کی صورتحال کو پورے عالم اسلام کیلئے امتحان اور خطرہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یمن میں ایک بار زمینی لڑائی شروع ہوگئی تو معاملہ بگڑ جائے گا۔ سراج الحق نے ملک میں تعلیم کا یکساں نظام رائج کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مدارس اور اسکولوں کی تعلیم کو ایک جیسا بنایا جائے اور جو باپ اپنی بچی کو اسکول نہ بھیجے ، اُسے سزا دی جائے۔

مزید خبریں :