15 اپریل ، 2015
سری نگر......مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی تسلط کےخلاف کشمیریوں کی ریلی میں پاکستان کا جھنڈا لہرانے پر حسب معمول بھارت میں واویلا کیا جارہا ہے، حریت رہنما مسرت عالم کا کہنا ہے کہ کشمیر میں پاکستان کا جھنڈا پہلی بار نہیں لہرایا گیا اور نہ یہ کوئی جرم ہے۔مقبوضہ کشمیر کے جنوبی قصبے ترال میں دو روز قبل ایک اور بے گناہ کشمیری نوجوان بھارتی بربریت کا نشانہ بنا، خالد مظفر نامی نوجوان کے قتل کے خلاف سری نگرمیں نکالی گئی ریلی میں بھارتی مظالم کے خلاف نعرے بازی کی گئی، ریلی میں مسرت عالم اور دیگر افراد نے پاکستانی پرچم لہرائے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے،بھارت کے غاصبانہ تسلط کا شکار کشمیر میں پاکستانی نعروں کی گونج بھارت کو ایک آنکھ نہ بھائی اور شروع ہوگیا بھارت کا روایتی واویلا تاہم بھارتی واویلے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے کشمیری رہنما مسرت عالم کا کہنا تھا کہ کشمیرمیں پاکستان کا جھنڈا پہلی مرتبہ نہیں لہرایا گیا اور نہ یہ کوئی جرم ہے،اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب میں حریت رہ نما سید علی گیلانی کا کہنا تھا کہ کشمیرعالمی سطح پرتسلیم شدہ متنازع معاملہ ہے اوریہ صرف پاک بھارت تنازع نہیں بلکہ سہ فریقی مسئلہ ہے، بھارت نے جموں و کشمیر پر غاصبانہ قبضہ کررکھا ہے، انہوں نے مطالبہ کیا کہ مفتی سعید اعلان کریں کہ کشمیربھارت کا اٹوٹ انگ نہیں ہے، علی گیلانی نے جمعے کو وادی بھر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کی کال بھی دی ہے۔