15 اپریل ، 2015
.......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنور جمیل نے کہا ہے کہ بائیو میٹرک سسٹم میں بہت سی خامیاں ہیں اور این اے 246 کے حساس انتخاب میں اس کے استعمال پر تحفظات ہیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما کنورنوید جمیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی اور تحریک انصاف نے پہلے اس حلقے میں سیکیورٹی پر عدم اعتماد کا اظہار کیا پھر کہا کہ انہیں الیکشن کے عملے پر بھروسہ نہیں عملے کو باہر سے لایا جائے اور اب کہہ رہے ہیں کہ انہیں پرنٹنگ پریس پر بھروسہ نہیں ۔ کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ ان دونوں جماعتوں کو اپنی شکست صاف نظر آرہی ہے، جنرل الیکشن کے بعد 22 ضمنی انتخابات ہوئے اس میں سے کسی پر بھی بائیومیٹرک سسٹم نہیں لگایا گیا۔ تو اب اس سسٹم کے استعمال کا کیوں کہا جارہا ہے؟کنور نوید جمیل کا کہنا تھا کہ خواہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی یہ مطالبہ نہ کریں مگر ایم کیو ایم کا مطالبہ یہی ہے کہ این اے 246 میں ضمنی الیکشن کی ماینٹرنگ کے لئے ملکی اور غیر ملکی مبصرین کو مدعو کیا جائے۔