20 اپریل ، 2015
کراچی........سندھ ہائیکورٹ نے شہید رینجرز اہلکار کی پنشن سے متعلق کیس میں ناظرکو رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دے دیا۔سندھ ہائیکورٹ میں شہید رینجرز اہلکار کی پینشن کے معاملے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔شہید اہلکار کی اہلیہ لبنیٰ سہیل کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ اسکے شوہرلانس نائیک سہیل عباس کو 2010 میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا لہذٰا مرحوم کی پنشن اور دیگر واجبات ادا کیے جائیں۔دوران سماعت رینجرزنے عدالت کو بتایا کہ بیوہ اپنے شوہرکے قتل میں ملوث ہے اس لیے اسے واجبات اور پنشن نہیں دیئے جا سکتے۔درخواست گزار لبنیٰ سہیل کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ سندھ ہائیکورٹ رینجرز اہلکار کی بیوہ لبنیٰ سہیل کو بے گناہ قرار دے چکی ہے اورگرفتار ملزمان ضمانت پر رہا ہو چکے ہیں۔عدالت نے ناظر کو رینجرز کی جانب سے جمع کرائی گئی رقم کی تفصیلات پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دی۔