پاکستان
21 اپریل ، 2015

جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو اپنی شکست نظر آ گئی ہے،فاروق ستار

جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کو اپنی شکست نظر آ گئی ہے،فاروق ستار

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستارنے کہا ہے کہ جعلی پولنگ اسٹیشن اور شناختی کارڈچھیننے کے الزامات مسترد کرتے ہیں، جماعت اسلامی اور تحریک انصاف کو اپنی شکست نظر آگئی، جواز بنانے کیلئے گمرا ہ کن پروپیگنڈ ا کررہی ہیں۔ ایم کیوایم کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پریس کانفرنس میں گھوسٹ پولنگ اسٹیشن سمیت تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مزید کہا کہ اگر کسی کا شناختی کارڈ چھینا گیا ہے تو اس کی ایف آئی آر درج کرائی جائے۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے، اگر ضمنی انتخاب میں عوامی مینڈیٹ چھیننے کی کوشش کی گئی تو اس کا ذمہ دار الیکشن کمیشن کو بھی سمجھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو تمام اختیارات مل گئے ہیں، سب کی فرمائشیں پوری کی جارہی ہیں لیکن ایم کیو ایم کا ایک مطالبہ بھی نہیں مانا گیا، الیکشن میں 2 روز رہ گئے ہیں، فافن اور دیگر غیرجانبدار مبصرین کو اب تک کیوں نہیں بلایا گیا ۔ این اے 246 سے ایم کیوایم کے امیدوار کنورنوید جمیل نے انتخابی حلقے کو موٹرسائیکل کی ڈبل سواری سے مستثنیٰ قرار دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حلقے میں ووٹرز کی اکثریت غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھتی ہےاس لیے ووٹرز کی ممکنہ پریشانی کو بھی مد نظر رکھا جائے۔

مزید خبریں :