پاکستان
07 مئی ، 2012

سینیٹ اجلاس: لوڈ شیڈنگ پر اتحادی جماعتیں حکومت پر برس پڑیں

سینیٹ اجلاس: لوڈ شیڈنگ پر اتحادی جماعتیں حکومت پر برس پڑیں

اسلام آباد … سینیٹ میں لوڈ شیڈنگ اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر اتحادی جماعتیں حکومت پر ہی برس پڑیں۔ اے این پی، ایم کیو ایم، مسلم لیگ ق اور بی این پی عوامی نے لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیتے ہوئے خبردار کیا کہ اس کا خمیازہ آئندہ الیکشن میں بھگتنا پڑے گا۔ ادھر وزیر دفاع احمد مختار کے نیٹو سپلائی اور اسامہ بن لادن سے متعلق بیانات کے خلاف مسلم لیگ ن نے سینیٹ اجلاس کا بائیکاٹ اور جمعیت علمائے اسلام ف نے واک آوٴٹ کیا۔ سینیٹ میں بجلی کی کمی کے معاملے پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے اتحادی جماعت مسلم لیگ ق کے سینیٹر کامل علی آغا نے کہا کہ بطور اتحادی حکومت کے ساتھ ہر مصیبت کو برداشت کرنے کو تیار ہیں لیکن نااہلی کو برداشت نہیں کیا جا سکتا، نا اہل لوگوں کو فوری فارغ کیا جائے۔ انہوں نے چوہدری شجاعت کے فارمولے پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اے این پی کے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ قوم لوڈ شیڈنگ کا عذاب کب تک بھگتے گی قوم کو بتایا جائے۔ ایم کیو ایم کے عبد الحسیب خان نے کہا کہ حکومت نے جان بوجھ کر مسئلے کو گھمبیر بنایا، ہر صوبے کے افرادپر مشتمل کمیٹی بنائی جائے۔ بی این پی عوامی کی روبینہ عرفان نے کہا کہ بلوچستان میں بجلی کا وجود ہی نہیں رہا۔ اے این پی کے سینیٹر حاجی عدیل نے جب کہا کہ کالا باغ ڈیم کے نام پر 25 سال ضائع کر دیئے گئے، تو ق لیگ کے سینیٹر کامل علی آغا سراپا احتجاج ہو گئے جس پر دونوں میں تلخ کلامی اور سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ حاجی عدیل نے پنجاب حکومت کو پیشکش کی کہ وہ خیبر پختونخوا میں ڈیمز بنائے اور اپنے لیے بجلی پیدا کرلے۔ اجلاس میں قائد ایوان جہانگیر بدر نے بھی مطالبہ کیا کہ حکام فیول پرائس کی مد میں اضافے کے بارے میں ایوان کو بتائیں جبکہ حکومت کے اتحادیوں نے وزیر پانی و بجلی کی غیر موجودگی پر سخت تنقید بھی کی۔ اس سے قبل ایوان سے بائیکاٹ کرنے سے پہلے مسلم لیگ ن کے سینیٹر راجہ ظفر الحق نے کہا کہ اگر اسامہ بن لادن کے خلاف آپریشن حکومت اور فوج کی مدد سے ہوا تو ایوان اور عوام کو دھوکے میں کیوں رکھا گیا اور تحقیقات کیلئے کمیشن کیو ں قائم کیا گیا۔ جے یو آئی ف کے سینیٹر مولانا غفور حیدری نے کہا کہ وزیر دفاع اپنے بیانات سے کنفیوژن پیدا کر رہے ہیں اور پھر ان کی جماعت کے ارکان واک آوٴٹ کر گئے۔اجلاس اب منگل کی شام 5بجے ہو گا۔

مزید خبریں :