23 اپریل ، 2015
راچی......این اے 246 میں دن بھر پرامن پولنگ ہوئی،لیکن شام کو اچانک تلخی پیدا ہوگئی۔ کریم آباد میں پی ٹی آئی کے کیمپ پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا، پتھراؤ کیا اور جھنڈا جلاڈالا۔ پولیس اور رینجرز نے صورتحال پر قابو پانے کے لیے لاٹھی چارج کیا،کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 246 کا ضمنی الیکشن ملک گیر شو ثابت ہوا۔ ایم کیو ایم، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے اپنی انتخابی مہم اس انداز سے چلائی کہ ضمنی الیکشن سیاسی بقا کی جنگ لگنے لگا۔ اس کا بھڑکتا ہوا ثبوت پولنگ ختم ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کریم آباد میں نظر آیا۔یہ مناظر کریم آباد کے ہیں جہاں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہوا۔ ابتدا میں شدید نعرے بازی ہوئی جس کے بعد کچھ مشتعل نوجوانوں نے پی ٹی آئی کے انتخابی کیمپ پر پتھراؤ شروع کردیا اور کیمپ اکھاڑنے کی کوشش کی۔ اس دوران بعض افراد نے پی ٹی آئی کے انتخابی پوسٹر پھاڑے، پی ٹی آئی کا جھنڈا جلایا اور انتخابی نشان بلے کو زمین پر مار کر توڑتے رہے۔ ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی اور فیصل سبزواری کریم آباد پہنچے اور کارکنوں کو کنٹرول کرنے کی کوشش کی۔ اس کے علاوہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے بھی کارکنوں کو یہی پیغام دیا کہ فتح کا جشن ضرور منایا جائے لیکن سیاسی مخالفین کا احترام کیا جائے اور ان کے جھنڈوں اور پوسٹروں کو نقصان نہ پہنچایا جائے۔دوسری جانب پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئ۔ رینجرز نے لاٹھی چارج کرکے مشتعل افراد کو منتشر کردیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔