23 اپریل ، 2015
کراچی........کراچی میں ضمنی الیکشن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے لیے جعلی ووٹنگ کے الزام میں پریذائیڈنگ افسر اور پولنگ ایجنٹ کو گرفتارکرلیا گیا جبکہ دو دیگر واقعات میں ایک خاتون سمیت دو اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسران کو گرفتار کیا گیا ہے۔ رینجرز مجسٹریٹ نے 3ملزمان کو موقع پر ہی سزا سنا کر جیل بھیج دیا۔ حلقہ این اے 246 میں کے علاقے کریم آباد میں واقع گورنمنٹ دہلی بوائز سیکنڈری اسکول میں جعلی ووٹ ڈلوانے اور دیگر بے قاعدگیوں پر پریذائڈنگ افسرسید ماجد علی، اسسٹنٹ پریذائیڈنگ افسر جاوید صدیقی، پولنگ ایجنٹ ریحان احمد اور عملے میں شامل ایک خاتون کو گرفتار کرلیا گیا۔ بعد میں دہلی اسکول میں نئے پریزائڈنگ افسر سید جمال حسن کو تعینات کیا جس کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع ہوگیا۔ ووٹرز کا کہنا تھا کہ انہیں ووٹ ڈالنے سے روکا جارہا ہے اور پرچیاں بھی پھاڑی جارہی ہیں۔ بعض ووٹرز نے شکوہ کیا کہ انہیں غیر ضروری طور پر ادھر ادھر بھیجا جارہا ہے۔ ووٹرزکی جانب سے یہ شکایت بھی کی گئی کہ انہیں پولنگ اسٹیشن ڈھونڈھنے میں بھی مشکلات پیش آئیں۔ اس کے علاوہ سیکیورٹی اہلکاروں کے حوالے سے بھی بعض شکایات سامنے آئی ہیں۔