23 اپریل ، 2015
کراچی........حلقہ این اے 246میں آج بڑی تعداد میں شہریوں نے حق رائے دہی استعمال کیا۔ کہیں ووٹرز کے لیے سب کچھ اچھا تھا، تو کہیں مشکلات بھی پیش آئیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8بجے سے شروع ہوگئی۔ پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات تھے۔ ووٹنگ کا عمل شروع ہوا تو ووٹرز نے دلچسپی کا مظاہرہ کرتے ہوئے صبح کے اوقات میں ہی اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز کا رخ کیا۔ خواتین کو کہیں کہیں ووٹ ڈالنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کسی کو اپنا پولنگ اسٹیشن ڈھونڈنے میں دقت ہوئی تو کہیں ووٹنگ عمل تاخیر سے شروع ہونے کے باعث ووٹرز کو انتظار کرناپڑا۔ پولنگ اسٹیشنز پرجہاں کچھ لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تو وہیں شہریوں کی اکثریت انتظامات سے مطمئن بھی نظر آئی۔ کئی نے تو نے ووٹ ڈالتے ہی وکٹری کانشان بنا کر خوشی کااظہار بھی کیا۔صوبائی الیکشن کمشنر تنویر ذکی کا کچھ پولنگ اسٹیشنز پر ووٹنگ عمل شروع نہ ہونے سے متعلق خبروں پر کہنا تھا کہ تمام اسٹیشنز پر پریزائیڈنگ آفسرز سے پولنگ شروع ہونے کی تصدیق کرلی ہے۔ حلقے میں پولنگ بغیر کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔