27 اپریل ، 2015
کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نسرین جلیل نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی کے شہریوں کو پانی کی فراہمی کے سلسلے میں K-4منصوبہ کی تکمیل کیلئے سندھ حکومت کی مجرمانہ غفلت کا فوری نوٹس لیاجائے ۔ یہ مطالبہ نسرین جلیل نے وزیراعظم نوازشریف کو لکھے گئے اپنے ایک خط میںکیا ہے۔انہوںنے کہا کہ کراچی کو 620 ایم جی ڈی اضافی پانی کی فراہمی کیلئے ایم کیوایم کی درخواست پر وزیراعظم نے K-4پراجیکٹ کے پچاس فیصد فنڈزفراہم کرنے کی منظوری دی تھی ،اس منصوبے کیلئے وفاقی بجٹ میں 80 ملین روپے جاری کیے گئے اور اسے 2014ء میں مکمل ہونا تھا لیکن کراچی واٹر اینڈسیوریج بورڈ کی جانب سے کے فور پراجیکٹ کے ٹینڈر کے باوجود حکومت سندھ نے یہ رقم چارماہ تک جاری نہیں کی جس کے باعث ٹینڈر کینسل ہوگیا۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت کی جانب سے کے فور پراجیکٹ کیلئے 420 ملین روپے بھی ادا نہیں کیے گئے ہیں ۔ حکومت سندھ کی نااہلی اور دانستہ غفلت کے باعث کراچی کے شہریوں کو اضافی پانی کی فراہمی کیلئے کے فور پراجیکٹ تاحال شروع نہیں کیاگیا ہے ۔ سینیٹر نسرین جلیل نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیاکہ کراچی میں پانی کی قلت کے باعث شہریوں کو درپیش مسائل ومشکلات کانوٹس لیاجائے ۔