پاکستان
28 اپریل ، 2015

عمران خان کے الزمات سراسر جھوٹے اور قابل مذمت ہیں، الطا ف حسین

عمران خان کے الزمات سراسر جھوٹے اور قابل مذمت ہیں، الطا ف حسین

لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ایک انٹر ویو میں ایم کیو ایم پر جو الزامات لگائے ہیں وہ سراسر جھوٹ پر مبنی اور قابل مذمت ہیں ۔ الطاف حسین نے کہا کہ عمران خان نےمذکورہ انٹر ویو میں کہا کہ جب وہ حلقہ این اے 246میں لوگوں کے گھروں پر گئے تووہاں کی عوام نے ان سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ ایم کیوایم والے اس سے قبل بھتہ لینے آتے تھے اور آج آپ کی وجہ سے وہ ووٹ مانگنے عوام کے گھروں تک آرہے ہیں ،الطاف حسین نے کہا کہ بغیر ثبوت کسی جماعت پر الزام لگا نا قتل کے مترادف ہے اور اگر عمران خان کی باتوں میں صداقت ہے تو میں ان سے کہوں گا کہ وہ ٹیلی ویژن پر آکر قوم کو بتائیں کہ وہ امریکہ کی ایک جمناسٹک کی ماہر خاتون سیتا وائٹ کی بچی Tyrian Jade کے والد ہیں یا نہیں ہیں؟اگر ہیں تو قوم کو بتائیں، اگر نہیں ہیں تو بھی قوم کو بتائیں تاکہ میں ثبوت و شواہد کے ساتھ اپنے بیان کی سچائی صحت کو ثابت کرنے کیلئے اپنے آئینی و قانونی ماہرین کے ذریعے عدالت عظمی میں پٹیشن دائر کر سکوں ۔،عمران خان نے ایم کیو ایم پر دوسرا الزام یہ لگایا کہ نصیر اللہ بابر نے کراچی میں جو آپریشن کیا تھا تو اس میں حصہ لینے والے تمام پولیس اہلکاروں کو مار دیا گیا ، کراچی میں پولیس کچھ نہیں کر سکتی اس لئے ہم رینجرز کی موجودگی میں حلقہ این اے 246کے ضمنی انتخابات میں گئے ۔ الطاف حسین نے عمرا ن خان سے سوال کیا کہ کیا وہ ایم کیو ایم سے متعلق اپنے اس الزام کو عدالتوں میں لے جاسکتے ہیں؟ عمران خان نے یہ الزام بھی لگایا کہ ایم کیو ایم لوگوں کو چھو ٹی چھوٹی باتوں پر ماردیتی ہے جو سراسر جھوٹ ہے کیوںکہ اگر ایسا ہوتا تو ایم کیو ایم ضمنی انتخاب برائے حلقہ این اے 246میں رینجرز اہلکاروں کی پولنگ اسٹیشنوں اور پولنگ بوتھ کے اندر اور باہر موجودگی میں تقریباً ایک لاکھ کے قریب ووٹ کیسے حاصل کر سکتی تھی ؟ ۔ الطاف حسین نے کہا کہ عمران خان ایم کیوا یم پر لگائے جانے والے اپنے الزاما ت پر قوم سے معافی مانگیں، عدالت میں الزامات کو ثبوت و شواہد کے ساتھ پیش کریں یا عدالتوں کا سامنا کرنے کیلئے خود کو تیار کر لیں ۔دریں اثنا الطاف حسین نے کہاہے کہ عوام نے تمام ترجبروستم ،مصائب ومشکلات اوررکاوٹوں کے باوجود این اے 246کے ضمنی انتخاب اورکنٹونمنٹ کے حالیہ انتخابات میں ایم کیوایم کوجس شاندارکامیابی سے ہمکنارکیاہے وہ ایم کیوایم کوختم کرنے کی سوچ رکھنے والے عناصر کیلئے ایک واضح پیغام ہے کہ کوئی بھی ظلم ایم کیوایم کوختم نہیں کرسکتا۔ انہوں نے یہ بات نائن زیروپررابطہ کمیٹی، الیکشن سیل اورمختلف تنظیمی شعبوںکے ارکان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے محنت وجانفشانی سے کام کرنے پر ذمہ داروں اور کارکنوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اور کہاکہ اسٹیبلشمنٹ کے پالیسی سازاورمتعصب بیوروکریٹ اور ارباب اختیارکوچاہیے کہ وہ اب عقل کے ناخن لیں، ایم کیوایم سے نفرت اوردشمنی کرنا چھوڑ دیں ،اور اپنی پرانی پالیسی کوترک کردیں اورایم کیوایم کے وجود کوخلوص دل سے تسلیم کرلیں، اسی میں پاکستان کی بقاء، سلامتی، یکجہتی، مضبوطی واستحکام ہے۔انہوںنے کہاکہ آپریشن کے نام پر ماورائے عدالت قتل ، دوران حراست وحشیانہ تشدد سے گریز کیا جائے، عدالتیں انصاف سے کام لیںاورجوجج صاحبان انصاف سے فیصلے کرنے سے گریزاں ہیں اوراپنی کرسی سے انصاف نہیں کرسکتے وہ استعفیٰ دیدیں۔ انہوں نے ایم کیوایم کے کارکنوں اورذمہ داروں کوبھی تاکیدکی کہ وہ ہرقسم کی مجرمانہ اورسماج دشمن سرگرمیوں اورہرقسم کے کرپشن سے اپنے آپ کودوررکھیں، عوام کے ساتھ زورزبردستی سے ہرقیمت پر گریز کریں، عوام کے ساتھ محبت سے پیش آئیں۔

مزید خبریں :