29 اپریل ، 2015
کھٹمنڈو......اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے نیپال میں امدادی سرگرمیوں کے لیے 41 کروڑ ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔ 7.9 شدت کے قیامت خیز زلزلے میں 5 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے جبکہ دس ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔نیپال میں ہفتے کی صبح آنے والے ہولناک زلزلے نے تاریخ کے اوراق پر تباہی اور بربادی کی سیکڑوں داستانیں رقم کردیں، قدرتی آفت کی ہولناکی کا شکار متاثرہ علاقوں میں 80 لاکھ سے زائد افراد غذا اور پانی کی کمی کا شکار ہیں جبکہ زلزلہ متاثرین کی بڑی تعداد گھروں سے محروم ہوکر آسمان تلے رہنے پر مجبور ہے،عالمی اداروں کی مدد سے امدادی کام تیز تر کر دیا گیا ہے اور 3 دن بعد بھی معجزانہ طور پر کچھ افراد کے ملبے تلے سے زندہ نکل آنے کی اطلاعات ہیں۔ دور افتادہ پہاڑی علاقوں میں ہیلی کاپٹروں کے ذریعے خیمے خوراک اور ادویات پہنچائی جا رہی ہیں تاہم دشوار گزار راستوں کے باعث امدادی ٹیموں کو ان علاقوں تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔دوسری طرف اپنے پیاروں کے غم میں نڈھال لوگ زندگی کو دوبارہ معمول پر لانے کی جدو جہد میں مصروف ہیں جبکہ آفٹر شاکس اور وبائی بیماریوں کے خوف سے سے ہزاروں افراد کٹھمنڈو سے نقل مکانی کررہے ہیں۔