02 مئی ، 2015
کراچی.......سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے کہا ہے کہ مجھ پر حملہ کرنے والوں میں سے ایک حملہ آور جوابی فائرنگ سے مارا گیا،ہلاک ہونے والا حملہ آور گاڑی میں موجودتھا۔ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راؤ انوار کا مزید کہنا تھا کہ اسٹیل ٹاؤن کے قریب لنک روڈ پر شہید ڈی ایس پی عبدالفتح پرحملے کی جگہ کا معائنہ کرنے جا رہا تھا کہ سفید کار میں سوار ملزمان نے پولیس کے قافلے پر دستی بم سے حملہ کردیا،ملزمان نے بلٹ پروف گاڑیوں پرفائرنگ کی،جس کی وجہ سے کوئی جانی نقصا ن نہیں ہوا،جبکہ جوابی فائرنگ سے گاڑی میں موجود ایک حملہ آور ہلاک ہوگیا۔راؤ انوارکا کہنا تھا کہ سفید گاڑی میں ملبوس ملزمان اور ان کے محافظوں میں فائرنگ کا سلسلہ کافی دیر تک جاری رہا،مقابلے کے دوران موٹرسائیکل سوار بعض ملزمان فرار ہوگئے،مقابلے میں ملیرضلع کی نفری اوررینجرز کی نفری بھی موجود تھی۔ راؤ انوار کا کہنا تھا کہ حلیے سے لگ رہا ہے کہ ملزمان کا تعلق تحریک طالبان سے ہے، تفتیش کے بعد واضح صورت حال سامنے آئے گی۔دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے راؤ انوار پر قاتلانہ حملے کی مذمت کی ہے۔