کاروبار
08 مئی ، 2012

چین نیلم جہلم منصوبے کے 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے پر رضا مند

 چین نیلم جہلم منصوبے کے 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر جاری کرنے پر رضا مند

اسلام آباد … چین نیلم جہلم منصوبے کی روکی گئی 44 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کی رقم جاری کرنے پر رضا مند ہو گیا ، جب کہ چینی کمپنیز نے تھرکول اور دیامیر بھاشا ڈیم منصوبے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان چینی کمپنیز کی مدد سے 10 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی کے منصوبے بھی مکمل کرے گا۔ اسلام آباد میں پاک چائنا مشترکا انرجی گروپ کے اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی نوید قمر نے بتایا کہ پاکستان 425 میگاواٹ کے نندی پور منصوبے پر چینی کمپنی ڈونگ فینگ کے تحفظات دور کرے گا، چینی کمپنی نے تحفظات کا اظہار کیا تھا کہ 2 سال سے نندی پور منصوبے کی مشینری کراچی بندرگاہ پر کلیئرنگ کیلئے پڑی ہے اور اسے جرمانہ ادا کرنا پڑا۔ وفاقی وزیر پانی و بجلی نے کہا کہ چینی کمپنیوں نے ورکنگ گروپ کے اجلاس میں اتفاق کیا ہے کہ وہ پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں اوپن بڈنگ کے ذریعے حصہ لیا کریں گی۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ پاکستان چین کی معاونت سے 20 ارب ڈالر کا انرجی ڈیولپمنٹ فنڈ قائم کرنا چاہتا ہے جس پر بات چیت جاری ہے۔ اس سے پہلے پاکستان اور چین کے درمیان ونڈ پاور کے 3 منصوبوں پر دستخط کیے گئے جن میں جھم پیر سندھ میں 150میگاواٹ اور 350میگاواٹ کے 2منصوبے شامل ہیں جبکہ تیسرا منصوبہ بھی سندھ میں گھارو کے مقام پر 50 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کا ہے جو فرسٹ داوٴد گروپ نے ہائیڈرو چائنا کے حوالے کر دیا ہے۔

مزید خبریں :