پاکستان
06 مئی ، 2015

شاہ محمود کی الطاف حسین پر بہتان تراشی قابل مذمت ہے ، رابطہ کمیٹی

شاہ محمود کی الطاف حسین پر بہتان تراشی قابل مذمت ہے ، رابطہ کمیٹی

کراچی......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے قائد تحریک الطاف حسین پر بہتان تراشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ الطاف حسین نے کبھی بھی پاک فوج کے جرنیلوں کوبزدل یاڈرپوک نہیں کہا، شاہ محمود قریشی ایک سیاسی رہنما ہیں اورانہیں دوغلے پن کا مظاہرہ قطعی زیب نہیں دیتا۔وہ قوم کوبتائیں کہ ان کی پاک فوج سے عقیدت، محبت اور یگانگت اس وقت کہاں سوئی ہوئی تھی جب ان کی اپنی جماعت کے سربراہ عمران خان، پاکستانی فوج کے جرنیلوںکے خلاف بے ہودہ زبان استعمال کررہے تھے ؟ اسی طرح جب عمران خان، کہہ رہے تھے کہ ’’ اگر20 ہزار افراد سڑکوں پر آجائیں تو ان جرنیلوں کا پیشاب نکل جائے گا‘‘رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب جماعت اسلامی کے سابق امیرسید منور حسن اور موجود ہ وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے پاک فوج کے خلاف توہین آمیز بیانات جاری کیے جارہے تھے، اس وقت شاہ محمود قریشی کی غیرت ایمانی کہاں تھی؟اگر شاہ محمود قریشی کو پاک فوج سے اتنی ہی محبت ہے تو پھر قوم کو بتایاجائے کہ فوج کے خلاف شرانگیزتقاریر پر عمران خان، خواجہ آصف اور منورحسن کے خلاف کسی اسمبلی میں قرارداد مذمت کیوں پیش نہیں کی گئی؟رابطہ کمیٹی نے کہاکہ شاہ محمودقریشی بڑے شوق سےالطاف حسین کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کریں لیکن مکروفریب اور جھوٹ کے ذریعہ نہ تو پاک فوج اورایم کیوایم کے درمیان نفاق ڈال سکتے ہیں اورنہ ہی عوام کو گمراہ کرسکتے ہیں۔دریں اثنا ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے شاہ فیصل کالونی سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ذمہ داران و کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کی شدید مذمت کی ہے ۔ اپنے بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہاکہ سر کاری اہلکاروں نے منگل کی نصف شب شاہ فیصل کالونی سیکٹر یونٹ 106کے یونٹ آفس پر چھاپہ مارکر یونٹ انچارج خلیل احمد ،رکن دل محمد ، کارکنان طارق ، نفیس اور حنیف کوگرفتارکرلیا۔اسی طرح نارتھ ناظم آباد یونٹ 175کے سرکل انچارج عامر مجید ، کارکنان فیضان اللہ آفندی ، عاصم مبین ، کورنگی سیکٹر یونٹ 77کے کارکن عمران یاسین ، محمد شکیل عادل ، قصبہ علی گڑھ کے کارکن عاصم آفتاب ، بلدیہ ٹائون کے کارکنان شاہنواز ، نقاش اورفیصل انصاری کو ان کے گھروں اور دیگر مقامات سے گرفتار کرلیا ۔ رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ایم کیوایم کے گرفتار ذمہ داران و کارکنان کے حوالے سے سرکاری اہلکاروں کی جانب سے کسی قسم کی معلومات فراہم نہیں کی جارہی ہیںجسکے باعث ان کے اہل خانہ میں شدیدبے چینی پائی جارہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم نواز شریف ، وزیر داخلہ چوہدری نثار علی ، گور نر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ سے مطالبہ کیا کہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوںکی گرفتاریوں کاسلسلہ بندکیاجائے اور اگرکسی گرفتارشدہ کارکن پر کوئی مقدمہ ہے تواسے عدالت میں پیش کیاجائے۔

مزید خبریں :