09 مئی ، 2012
کراچی … عالمی مارکیٹ میں گراوٹ کے بعد مقامی صرافہ بازاروں میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت 4 ماہ بعد 55 ہزار روپے سے نیچے آگئی۔ آل سندھ صرافہ ایسوسی ایشن کے صدر حاجی ہارون رشید چاند کے مطابق بدھ کو مقامی صرافہ بازار میں سونے کی فی تولہ قیمت 1250 روپے کمی کے بعد 54 ہزار 850 روپے اور 10 گرام کی قیمت 1071 روپے کمی کے بعد 47 ہزار 14 روپے ہوگئی۔ ہارون رشید چاند کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 1585 ڈالر پر آنے کی وجہ سے مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں کمی کا رحجان ہے جس کے باعث سونے کی قیمتیں مسلسل گر رہی ہیں۔ دو روز میں سونے کی فی تولہ قیمت 1750روپے تک کم ہوگئی ہے۔ ہارون رشید چاند کاکہنا ہے کہ 29 دسمبر 2011ء کے بعد سونے کی قیمتیں 55 ہزار روپے فی تولہ کی سطح سے نیچے دیکھی جارہی ہیں۔