09 مئی ، 2012
اسلام آباد … صدر آصف زرداری نے اتحادی جماعت اے این پی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حکومتی معاملات پر اسے اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم توہین عدالت کی سزا کے خلاف اپیل پر فیصلہ آنے تک اپنے عہدے پر رہ سکتے ہیں، پارٹی کے عظیم رہنماوٴں کے نقش قدم پر چلتے رہیں گے، پیپلز پارٹی آئین کے مطابق آگے بڑھنے کا سفر جاری رکھے گی۔ ترجمان ایوان صدر کے مطابق صدر آصف زرداری سے اسلام آباد میں عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹرز نے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال خصوصاً حالیہ پیشرفت پر مشاورت کی گئی۔ ترجمان کے مطابق صدر زرداری نے گفتگو میں مزید کہا ہے کہ فاٹا میں اصلاحات کا عمل جاری رہے گا، قبائلی علاقوں میں کارآمد اصلاحات عوام کی حمایت سے ہی ممکن ہیں۔ صدر کا کہنا ہے کہ پارٹی کے عظیم رہنماوٴں کے نقش قدم پر چلتے رہیں گے اور پیپلز پارٹی آئین کے مطابق آگے بڑھنے کا سفر جاری رکھے گی جبکہ جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر زاہد خان نے کہا کہ صدر زرداری اور اے این پی کے رہنماوٴں میں اتفاق رائے پایا گیا کہ وزیرا عظم اپیل کا فیصلہ آنے تک اپنے عہدے پر رہ سکتے ہیں۔ سینیٹر زاہد خان کے مطابق اے این پی کے سینیٹرز نے صدر کو اپنے تحفظات سے بھی آگاہ کیا جس پر صدر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ اے این پی کو حکومتی معاملات پر پوری طرح اعتماد میں لیا جائے گا اور آئندہ وزراء سینیٹ کو بھی قومی اسمبلی کے برابر اہمیت دیں گے۔ زاہد خان نے بتایا صدر زرداری نے بلوچستان پر اے این پی کی آل پارٹیز کانفرنس کی حمایت کی ہے جبکہ فاٹا میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی کے قیام کا مطالبہ مان لیا ہے۔