پاکستان
20 مئی ، 2015

عدالت میں اپنی اسٹوری کا دفاع کروں گا، ڈیکلن والش

عدالت میں اپنی اسٹوری کا دفاع کروں گا، ڈیکلن والش

نیویارک.......ایگزیکٹ اسکینڈل کا انکشاف کرنے والے امریکی صحافی ڈیکلن والش نے کہا ہے کہ ابھی ان کے پاس اور بھی شواہد ہیں جنہیں وہ منظر عام پر نہیں لائے، اگر انہیں چیلنج کیا گیا تو وہ عدالت میں اپنی خبر کا دفاع کریں گے۔ بی بی سی اردو سروس کو انٹرویو میں ڈیکلن والش نے بتایا کہ ایگزیکٹ اسکینڈل سے متعلق ان کے پاس اور بہت سے شواہد ہیں جن کا ذکر انہوں نے اپنی اسٹوری میں نہیں کیا، اگر یہ معاملہ عدالت میں گیا تو اُنہیں یقین ہے کہ وہ اپنی اسٹوری کا کامیابی سے دفاع کریں گے۔ ایک سوال پر ڈیکلن والش کا کہنا تھا کہ صحافت میں اپنے ذرائع کا دفاع کرنا کوئی نئی بات نہیں، خاص کر جب آپ کو اپنی جان و مال کا خطرہ ہو، یہی صورت حال کراچی میں ایگزیکٹ کے سابق ملازمین کے ساتھ ہے، ایگزیکٹ انتظامیہ اپنے ملازمین سے ایک معاہدے پر دستخط کراتی ہے جس کے تحت وہ اپنے کام کی تفصیلات ظاہر نہیں کرسکتے۔ انہوں نے ایگزیکٹ کے کئی سابق ملازمین سے بات کی ہے، اس معاملے میں بہت سے لوگوں کی کہانی ملتی جلتی نظر آئی ہے۔ ایگزیکٹ کے خلاف امریکی ایف بی آئی کی کارروائی سے متعلق سوال پر ڈیکلن والش کا کہنا تھا کہ ایف بی آئی اس معاملے میں کیا کرتی ہے یہ اُنہیں نہیں پتا۔ ماضی میں امریکا میں اس طرح کمپنیوں کے خلاف تفتیش اور کارروائی کی گئی ہے لیکن امریکا سے باہر ایف بی آئی نے اب تک اس طرح کی کوئی تفتیش نہیں کی۔

مزید خبریں :