پاکستان
21 مئی ، 2015

ایف آئی اے کی انکوئری، ایگزیکٹ پنڈی کے 5 ملازمین کے بیان قلم بند

ایف آئی اے کی انکوئری، ایگزیکٹ پنڈی کے 5 ملازمین کے بیان قلم بند

راولپنڈی......ایف آئی اے نے ایگزیکٹ راولپنڈی کے 5ملازمین کے بیانات قلمبند کرلیے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایگزیکٹ اسکینڈل پر ایف آئی اے سے تازہ رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ جعلی ڈگریاں جاری کرنے کے مبینہ اسکینڈل میں ملوث ایگزیکٹ کمپنی کے راول پنڈی آفس میں کام کرنے والے 6 افسران بیان ریکارڈ کرانے کے لیے ایف آئی اے کے دفتر پہنچے۔ان میں ایگزیکٹ کمپنی کے ریجنل ڈائریکٹر کرنل ریٹائرڈ جمیل احمد،سینئر منیجر سیفٹی اینڈ سیکیورٹی کرنل ریٹائرڈ محمد یونس،اسسٹنٹ منیجر ایچ آر عابد خان، اسسٹنٹ منیجر آئی آٹی محمد امجد، سیلز لیڈر ون حسنین الرحمان اور سلیز لیڈر ٹو سجاد حیدر شامل تھے۔ ایف آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ جمیل احمداور محمد یونس سمیت ایگزیکٹ راول پنڈی کے 5افسران کے بیانات قلمبند کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے ایگزیکٹ کمپنی کے کمپیوٹر سے اسکین ڈگریاں حاصل کر لی ہیں اور ان ڈگریوں کے اصل یا جعلی ہونے کی تحقیق کی جارہی ہے۔ یہ پتہ بھی چلایا جارہاہے کہ ڈگری دینے والی یونیورسٹی اصل ہے یا جعلی۔ ایف آئی اے راولپنڈی میں ایگزیکٹ کمپنی کے خلاف انکوائری ڈپٹی ڈائریکٹر طاہر تنوہر سے لے کر ڈپٹی ڈائریکٹر کارپوریٹ برانچ جلیل خان کو سونپ دی گئی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے ایگزیکٹ اسکینڈل پر ایف آئی اے سے تازہ رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ کو ایگزیکٹ اسکینڈل پر ایف آئی کی جانب سے بریفنگ دی جائے گی۔راولپنڈی میں ایف آئی اے نے ایگزیکٹ کے طلب کیے گئے افسروں کے بیانات رکارڈ کرلیے، دو افسروں کے بیانات دوبارہ رکارڈ کیے جارہے ہیں۔

مزید خبریں :