21 مئی ، 2015
اسلام آباد.......چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر ووٹرز کے انگوٹھوں کی تصدیق ممکن نہیں تو پھر یہ کیسے کہا جا سکتا ہے کہ ووٹ جعلی نہیں۔ مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کہتے ہیں کہ تحریک انصاف ابھی تک انکوائری کمیشن کو کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے انکوائری کمیشن کی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفت گو میں کہا کہ چیئرمین نادرا نے اس تاثر کی نفی کر دی ہے کہ مقناطیسی سیاہی نہ ہونے کے باعث انگوٹھوں کے نشانات کی تصدیق نہیں ہو سکی، آج نادرا کے ہیڈ نے کہا ہے کہ کوئی فرق نہیں پڑتا تھا کہ مقناطیسی سیاہی ہو یا نہ ہو کیونکہ ان کے پاس جو اسکینرز ہیں وہ آپٹیکل ہیں، اگر آپ نے صرف شناختی کارڈز سے ہی فیصلہ کرنا تھا کہ ووٹ درست ہیں تو پھر انگوٹھے کے نشانات کی کیا ضرورت تھی۔مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف ابھی تک کمیشن کے سامنےدھاندلی کا کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکی، آج سیاہی کے انہوں نے بہت سوال پوچھے لیکن آخرکار ان کے منہ پر ملی جائے گی جنہوں نے جھوٹے الزامات لگائے منظم دھاندلی کے، جنہوں نے جھوٹا لانگ مارچ کیا، جنہوں نے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔عمران خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جوں جوں انکوائری کمیشن کی کارروائی آگے بڑھے گی، مزید انکشافات سامنے آئیں گے۔