26 جون ، 2025
دنیا بھر میں مقبول امریکا کی ای کامرس کمپنی ایمازون کے بانی ارب پتی جیف بیزوس اور صحافی لورین سانچیز کی پُرتعیش شادی کی 3 روزہ تقریبات آج سے شروع ہوں گی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق جیف بیزوس اور لورین سانچیز اپنی شادی کے مقام اٹلی پہنچ گئے جہاں دونوں کی شادی کی تقریب وینس شہر میں ہوں گی۔
دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل جیف بیزوس کی شادی کو صدی کی سب سے بڑی شادی قرار دیا جا رہا ہے جس میں شرکت کے لیے صدر ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا سمیت دنیا بھر سے وی آئی پی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اس شادی پر 56 ملین ڈالر یعنی 15 ارب روپے سے زائد اخراجات آئیں گے جس کے باعث اسے دنیا کی مہنگی ترین شادی میں شمار کیا جارہا ہے۔
61 سالہ جیف بیزوس نے اپنی گرل فرینڈ 55 سالہ امریکی صحافی و اینکر لورین وینڈی سانچیز سے 2023 میں منگنی کی تھی۔
ایمازون کے بانی اور امریکی صحافی نے جنوری 2019 میں اپنے تعلقات کی تصدیق اس وقت کی تھی جب بیزوس نے اپنی بیوی میکنزی اسکاٹ سے طلاق کا اعلان کیا تھا، بیزوس اور میکنزی کی شادی 26 سال رہی اور ان کے 4 بچے ہیں۔
اسی طرح لورین وینڈی سانچیز کی بھی 4 سال قبل شوہر پیٹرک وائٹسیل سے طلاق ہوگئی تھی، 13 سال کی شادی میں ان کے 2 بچے ہیں۔