پاکستان
10 مئی ، 2012

رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سر ٹیفکیٹ طلب

رحمن ملک سے برطانوی شہریت چھوڑنے کا سر ٹیفکیٹ طلب

اسلام آباد… وزیرداخلہ رحمان ملک نے سپریم کورٹ کو بیان میں کہاہے کہ انکے پاس برطانوی شہریت تھی جسے وہ چار سال قبل ترک کرچکے ہیں، عدالت نے اس بارے میں برطانوی حکومت کا تصدیقی سرٹفکیٹ ان سے طلب کرلیا ہے ۔ چیف جسٹس افتخارمحمدچودھری کی سربراہی میں عدالتی بینچ نے بعض پارلیمنٹرینز کی دہری شہریت کیخلاف دائر مقدمہ کی سماعت کی، رحمان ملک کی طرف سے چودھری اظہر ، بطور وکیل پیش ہوئے اور اپنے موکل کا بیان پیش کیا، اس میں رحمان ملک نے کہاہے کہ انہوں نے برطانوی شہریت وہاں 9 سالہ جلاوطنی کے دوران حاصل کی تھی، وہ یہ شہریت 25 مارچ 2008ء کو چھوڑ چکے ہیں، اب ان کے پاس پاکستان کے علاوہ کسی ملک کی شہریت نہیں ہے،چیف جسٹس نے کہاک برطانوی شہریت چھوڑیں تو وہاں کی حکومت اسکا بھی سرٹفکیٹ جاری کرتی ہے،یہ سرٹفکیٹ عدالت میں پیش کیا جائے، اس پر وکیل نے کہاکہ رحمان ملک بیرون ملک ہیں اس لئے مطلوبہ دستاویز جمع کرانے کی مہلت دی جائے، چیف جسٹس نے کہاکہ ان دنوں رحمان ملک برطانیہ گئے ہوئے ہیں انہیں کہیں واپس آتے ہوئے سرٹفکیٹ لے آئیں، آج عدالت میں پیپلز پارٹی کے ایم این اے زاہداقبال کے وکیل پیش ہوئے اور بتایاکہ انکے موکل کے پاس صرف برطانیہ میں مستقل قیام کا اسٹیٹس ہے، ایک اور حکومتی ایم این اے فرح ناز اصفہانی کی طرف سے جواب ، پیش نہیں کیا گیا، بعد میں مقدمہ کی سماعت 16 مئی تک ملتوی کردی گئی۔

مزید خبریں :