24 مئی ، 2015
لاہور......لاہور میں دوسرے پاک زمبابوے ٹی ٹوئنٹی میچ پر بھی قذافی اسٹیڈیم کے اندر اور باہر جشن کا سماں ہے ،خواتین بچوں ،بڑوں سبھی کے چہروں پر خوشی دکھائی دے رہی ہے،ہر کوئی کرکٹ کی بحالی پر خوش اور دوسرے میچ میں بھی پاکستان کی جیت کیلیے پرامید ہے۔ ٹیموں کی پنجہ آزمائی سے قبل ہی قذافی اسٹیڈیم کے باہر میلہ سا لگا رہا ،کہیں بچے ،بڑے اور خواتین چہروں پر رنگارنگ نقش و نگارکراتے ہوئے ،کہیں من چلے نوجوانوں کی ٹولیاں قومی پرچم اٹھائے پاکستان کی جیت کیلیے نعرہ زن ،گرمی کے باوجود اسٹیڈیم میں فیملیزکی آمد کا سلسلہ جاری رہا ،آنکھوں پر دلکش چشمے سجائے ،قومی رنگوں والے لباس زیب تن کیےسہیلیوں کے گروپ آتے اور ایونٹ کی رونقیں بڑھاتے رہے ،دلچسپ روپ دھارے نوجوان بینرز اور پوسٹرز اٹھائےخوب انجوائے کرتے رہے ،ایک نوجوان اپنے مخصوص ہیراسٹائل کیساتھ توجہ کا مرکز بنا رہا،خواتین،بچے ،بڑے سبھی پاکستان کی جیت کیلیےپرامید ۔ٹی ٹوئنٹی میچ کےموقع پر سیکیورٹی کےانتہائی سخت انتظامات کیے گئے،اینٹری پوائنٹس پر بیریئرز کیساتھ اہلکاروں کی نفری میں بھی اضافہ ،انٹرنیشنل ایونٹ پراسٹیڈیم کے اندر اور باہر نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹرسارا وقت فضا میں اڑانیں بھرتا رہا ۔