پاکستان
27 مئی ، 2015

اسپین:پاکستانی کمیونٹی ریڈ ایبل پاسپورٹ کے ایکسپرٹ کی تعیناتی کی منتظر

اسپین:پاکستانی کمیونٹی ریڈ ایبل پاسپورٹ کے ایکسپرٹ کی تعیناتی کی منتظر

بارسلونا.......شفقت علی رضا.......اسپین میں پاکستانیوں کی ایک لاکھ پانچ ہزار آبادی کو درپیش مشکلات جن میں پاسپورٹ کی توسیع، نئے پاسپورٹ کا اجراء، شادی اور فیملی کاغذات، تعلیمی اسناد کے ساتھ ساتھ پاکستان سے آنے والی ضروری دستاویزات کی تصدیق شامل ہیں ، جن کے حل کے لئے میڈریڈ میں سفارت خانہ پاکستان سے رجوع کیا جاتا تھا۔ 70ہزار کے لگ بھگ پاکستانی بارسلونا اور اس کے گرد و نواح میں مقیم ہیںجو اپنے مسائل کا حل تلاش کرنے پیسے اور دو دن کے ضیاع کے ساتھ 9گھنٹے کا سفر طے کر کے بارسلونا سے میڈریڈ پہنچتے تھے۔2007ءمیں پاکستانی کمیونٹی کی سہولت کے لئے بارسلونا میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان کا قیام عمل میں آیا تاکہ پاکستانیوں کی زیادہ تعداد یہاں سے اپنے کام جلد اور آسانی سے کروا سکے۔ قونصلیٹ آفس بارسلونامیں عملہ کم ہونے کی وجہ سے کمیونٹی کے کام انتہائی سست روی کا شکار ہیں، پاسپورٹ کی پاکستان سے تصدیق کا عمل کئی کئی ماہ پر محیط ہے، ایمرجنسی کی صورت میں بھی پاسپورٹس کا اجراء انتہائی مشکل مراحل سے گزرتا ہے۔ قونصلیٹ آفس جانے کے لئے پہلے آن لائن ٹائم لیا جاتا ہے جو اپنی جگہ ایک جان لیوا مرحلہ ہے۔ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کا کام کرنے والی ایسوسی ایشنز اور تنظیموں کے نمائندگان بارہا قونصل جنرل سے مل کر قونصلیٹ آفس میں ہونے والے پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ناروا سلوک کا وا ویلہ کر چکے ہیں لیکن پاکستانی کمیونٹی سے بھیڑبکریوں کی طرح کیا جانے والے برتاؤ کا سلسلہ تھما نہیں۔ستم ظریفی یہ کہ 24نومبر 2015ء کو دنیا بھر میں مینوئل پاسپورٹس ’’انٹرنیشنل ایوی ایشن اتھارٹی‘‘ کے حکم کے مطابق ختم ہو جائیں گے، اس تاریخ کے بعد صرف مشین ریڈایبل پاسپورٹس ہولڈرز ہی ہوائی سفر کر سکیں گے۔ میڈریڈ میں مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا اجراء شروع ہو چکا ہے لیکن اس کا فائدہ میڈریڈ اور اس کے گرد و نواح میں رہنے والے پاکستانیوں کو ہے، بارسلونا کے رہائشی ڈیلی اجرت پر کام کرتے ہیں، دو دن سفر اور میڈریڈ جانے کے اخراجات سمیت مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس حاصل کرنا انہیں مہنگا پڑتا ہے جبکہ ڈیڑھ سال سے قونصلیٹ جنرل بارسلونا آفس میں ریڈ ایبل پاسپورٹ کی مشینری کی تنصیب ہوچکی ہے، اب انتظار ہے تو اس مشینری ایکسپرٹ کا جس نے مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کا اجراء یقینی بنانا ہے۔ڈیڑھ سال سے قونصل جنرل بارسلونا مراد اشرف جنجوعہ کہہ رہے ہیں کہ بہت جلد مشین ایکسپرٹ بارسلونا میں تعینات ہوجائے گا۔ پاکستانی کمیونٹی کے معززین کاکہنا ہے کہ قونصلیٹ جنرل آفس بارسلونا میں ہمیں درپیش مشکلات کا حل جلد نکالا جائے،کیونکہ قونصلیٹ آفس سے 50ہزار کے قریب مینوئل پاسپورٹس جاری کئے جا چکے ہیں جب وہ ایک ہی دن ختم ہوں گے تو کس طرح ممکن ہے کہ ان کی توسیع فوری کی جا سکے گی۔ معززین کا یہ بھی کہنا ہے کہ مینوئل پاسپورٹس انسانی اسمگلنگ میں آسانی پیدا کرتے ہیں اور ایجنٹ مافیا نہیں چاہتا کہ پاسپورٹس مشین ریڈ ایبل بنیں کیونکہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس پر ایجنٹ مافیا دو نمبری نہیں کر سکتا۔ معززین کا کہنا ہے کہ قونصل جنرل بارسلونا اور ان کا عملہ مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا جراء شروع نہ کر کے ایجنٹ مافیا کو خوش کر رہے ہیں اس لئے ہم وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف مشیر سرتاج عزیز اور طارق فاطمی سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قونصلیٹ بارسلونا میں جلد از جلد مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس کا جراء شروع کیا جائے ۔

مزید خبریں :