27 مئی ، 2015
کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے بھنگوریہ گوٹھ کے علاقے میں نامعلوم مسلح دہشت گردوںکی جانب سے پولیس موبائل پر فائرنگ کے واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے ۔ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکند ر سمیت دو کانسٹیبل عابد اور اشرف کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ شہر میں دہشت گردوں کی جانب سے دن دھاڑے پولیس کے اہلکاروں پر فائرنگ شہر میں امن و امان کیلئے پولیس و دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی کوششوں کو ثبوتاژ کرنے کی سازش ہے ۔ رابطہ کمیٹی نے واقعہ کے نتیجے میں شہید ہونیوالے سب انسپکٹر اور کانسٹیبل کے سوگوار اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند کرنے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔رابطہ کمیٹی نے وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف،وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان ،وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ واقعہ میں ملوث سفاک دہشت گردوں کو فی الفور گرفتار کروانے اور انہیں قانون کے مطابق سخت سزا دلوانے کیلئے اقدامات کریں ۔دریں اثنا رکن رابطہ کمیٹی اور حلقہ این اے 246سے منتخب رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل نے کہاہے کہ کراچی میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے اہلکار امن وامان کے دیر پاقیام کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتاہوں ۔ بھنگوریہ گوٹھ میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا واقعہ انتہائی افسوسنا ک اور قابل مذمت ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ںنے پولیس موبائل پر دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونیوالے سب انسپکٹر سکندر سمیت دو کانسٹیبل اشرف اور عابد کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔کنور نوید جمیل نے کہاکہ شہر سے انتہاء پسندوں اور مذہب کے نام پر دہشت گردی کرنیوالے عناصر کی اماجگاہوں کا خاتمہ کرکے ہی کراچی میں امن ممکن ہے کیونکہ کراچی میں مستقل امن قائم کئے بغیر پاکستان کی معیشت کی ترقی ممکن نہیں لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ تمام تر مصلحتوں سے بالاتر ہوکر شہر سے دہشت گردوں اور انتہاء پسندوں کا خاتمہ یقینی بنایا جائے ۔اس موقع پر حق پرست اراکین اسمبلی انور رضا اور جمال احمد انکے ہمراہ تھے ۔