28 مئی ، 2015
پشاور.......خیبر پختون خوا میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی مرتضٰے جاویدعباسی، کیپٹن (ر) صفدر ا ور صاحبزادہ طارق اللہ سمیت 8 ارکان اسمبلی نے الیکشن کمیشن سے معافی مانگ لی، کمیشن نے اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر کوکل (جمعہ) جبکہ وفاقی وزیر اکرم درانی کو تین جون کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے متعلق کیسز کی سماعت چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں 4 رکنی بنچ نے کی۔ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر طلب کیے گئے 8 ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نے کمیشن سے تحریری معافی مانگ لی۔ تحریری وضاحت اور معافی کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضٰی جاویدعباسی، جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اللہ،مسلم لیگ کے ممبر قومی اسمبلی کیپٹن (ریٹائرڈ )صفدر سمیت آٹھ اراکین اسمبلی کا کیس نمٹا دیا۔ الیکشن کمیشن نےاسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر اورسینٹر جاویدعباسی کوجمعہ کی صبح جبکہ وفاقی وزیر اکرم درانی کو تین جون کو طلب کر لیا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے ریمارکس میں کہا کہ اکرم درانی وفاقی وزیر ہیں اور انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ان پر فرض ہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو میں وفاقی وزیر اکرم درانی کاکہناتھاکہ وہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی میں ملوث نہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختون خوا میں بلدیاتی انتخابات فوج کی نگرانی میں کرائے جائیں۔