28 مئی ، 2015
اسلام آباد......اے آر وائی نےاینکر مبشرلقمان کے وزیراعظم کے مشیر شجاعت عظیم پر سنگین الزامات کو غلط تسلیم کرلیا ہے۔ اور جھوٹی خبر پر معافی کےلیے شجاعت عظیم کو خط لکھا ہے۔ ایسا پہلی بار نہیں کہ جب اے آر وائی اور مبشر لقمان کو جھوٹے الزام پر معافی مانگی پڑی ہو۔ اینکر مبشر لقمان اور اے آر وائی کا وتیرہ بن گیاہے، کہ بدنام کرو، پگڑی اچھالو اور عدالت ثبوت مانگے تو معافی مانگ لو۔اے آر وائی کے 5 اور 19 مئی کے پروگرام کھرا سچ میں اینکر مبشر لقمان نے وزیراعظم کے مشیر ہوا بازی شجاعت عظیم پر انتہائی سنگین الزامات لگائے۔ ان میں شجاعت عظیم کی بیٹی کی مبینہ کمپنی کو پی آئی اے کا جہاز بیچنے، لبنان کے وزیر اعظم رفیق حریری کے قتل اور وزیراعظم کے ہوائی جہاز کے حادثے سے متعلق الزامات شامل تھے۔ اب اے آر وائی نے ان الزامات پر شجاعت عظیم سے معافی مانگ لی ہے۔ معافی نامے میں کہا گیا ہے کہ پروگرام کھرا سچ میں اینکر مبشر لقمان نے شجاعت عظیم کے حوالےسے جو باتیں کہیں وہ صحیح نہیں تھیں۔ ان الزامات پر ادارہ شجاعت عظیم سے معذرت خواہ ہے۔ اے آر وائی کی طرف سے معافی مانگنے کا یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے۔ کسی پر الزام لگانا۔ کسی کی پگڑی اچھالنا اور پھر معافی مانگ لینا۔ مبشر لقمان اور اے آر وائی کا وتیرہ بن چکا ہے۔