پاکستان
28 مئی ، 2015

ایگزیکٹ سے جعلی ڈگریاں ایف آئی اے کے دفتر منتقل

ایگزیکٹ سے جعلی ڈگریاں ایف آئی اے کے دفتر منتقل

کراچی..........ایگزیکٹ کے ہیڈکوارٹر سے پینتالیس یونیورسٹیوں کی جعلی ڈگریاں ایف آئی اے کے دفتر منتقل کردی گئی ہیں،100 سے زیادہ اداروں کی جعلی اسناد اور ڈگریاں اب بھی باقی ہیں، شعیب شیخ سمیت پانچ ملزموں سے تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔ فیک آن لائن تعلیمی اداروں اور جعلی ڈگریوں سے متعلق ایگزیکٹ کے دھندے کا دائرہ اتنا وسیع ہے کہ تحقیقات پر مامور افسران و اہلکاروں کا کام ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا،ڈائریکٹر ایف آئی اے سندھ شاہد حیات کی سربراہی میں ایف آئی اے کی ٹیم پچھلے کئی دنوں کی طرح آج بھی ایگزیکٹ کے دفتر میں چھان پھٹک کرتی رہی، اس دوران مجسٹریٹ بھی موجود رہے-ٹاسک یہ تھا کہ ایگزیکٹ کے کراچی ہیڈ آفس میں موجود جعلی ڈگریوں کا پہاڑ ، ایف آئی اے کے دفتر منتقل کیا جائے،لیکن جعلی ڈگریوں کی تعداد لاکھوں میں ہو تو انہیں ایک ہی ہلے میں کون منتقل کرسکتا ہے۔ اس حوالے سے ایف آئی اے حکام نے جھکے ہوئے کاندھوں اور تھکے ہوئے چہرے کے ساتھ بتایا ہے کہ آج محض 45 یونیورسٹیوں کی جعلی ڈگریاں ہی ایف آئی اے کے دفتر منتقل کی جاسکیں،جبکہ ایگزیکٹ کے دفتر میں 100 سے زائد اسکولوں اور یونیورسٹیوں کی اسناد اور ڈگریاں تاحال منتقلی کا انتظار کررہی ہیں-دلچسپ بات یہ ہے کہ آج منتقل کی جانے والی جعلی ڈگریاں 28 کارٹنز میں سمائیں، انبار اتنا زیادہ تھا کہ ایف آئی اے کی گاڑیاں چھوٹی پڑگئیں جس کے بعد بس منگوانی پڑی۔

مزید خبریں :