کھیل
30 مئی ، 2015

لاہور:پاکستان نےزمبابوےکودوسرے ون ڈےمیں شکست دیدی

لاہور:پاکستان نےزمبابوےکودوسرے ون ڈےمیں شکست دیدی

لاہور............پاکستان اور زمبابوے کی ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والے دوسرے ون ڈے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دیدی۔ زمبابوے نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کیلئے 269 رنز کا ہدف دیا تھا۔ پاکستان نے 2013 کے بعد پہلی ون ڈے سیریزجیتی ہے۔ اظہرعلی کی کپتانی اور وقار یونس کی کوچنگ میں پاکستان نے پہلی ون ڈے سیریزجیتی ہے۔ پاکستان نے 3 میچز کی سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ پاکستان کی جانب سے اظہر علی نے 102 رنز کی شاندار اننگزکھیلی، حارث سہیل 52 اور شعیب ملک36 رنزبناکر ناٹ آئوٹ رہے، اسد شفیق نے 39 اورسرفرازاحمد نے 22رنزبنائے جبکہ محمدحفیظ 15 رنز ہی بناسکے، زمبابوے کے گریم کریمرنے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ پہلی اننگز میں زمبابوے کی جانب سے اوپنرز نے 83 رنز کی مستحکم بنیاد رکھی،ووسی سیبانڈا 13 رنز بنا کر حفیظ کا شکار بنے،پھر شیبابا کوکپتان مساکیڈزا نے جوائن کیا،لیکن کپتان 18 رنز بنا کر چلتے بنے،شین ولیمز بھی پانچ رنز بنا کر لوٹ گئے ،البتہ دوسرے اینڈ پر کھڑے شیبابا نے شاندار بیٹنگ جاری رکھی، گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش اسٹروک کھیلے،لیکن بدقسمت رہےکہ صرف ایک رنز کی کمی کے باعث سنچری مکمل نہ کر سکے،شی بابا کا ادھورا کام پاکستانی نژاد سکندر رضا نے پورا کیا۔ وہ ٹیم کا اسکور بھی بڑھاتے رہے اور شاندار سینچری بھی صرف 84 گیندوں پر مکمل کر لی،مقررہ پچاس اوورز میں زمبابوے کا اسکور 7 وکٹ پر 268 رنز رہا۔ وہاب ریاض اور یاسر شاہ نے دو دو کھلاڑیوں کو ڈریسنگ روم پہنچایا۔ پاکستان اورزمبابوےکےدرمیان تیسرا اورآخری ون ڈے اتوارکو ہوگا۔

مزید خبریں :