31 مئی ، 2015
کوئٹہ .....سانحہ مستونگ کیخلاف آج بھی کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شٹرڈاون ہڑ تال کی جائیگی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے 2 جون کو کل جماعتی کانفرنس طلب کرلی ہے ۔سانحہ مستونگ میں جاں بحق افراد کو ہفتے کے روز پشین،قلعہ عبداللہ اور چمن میں سپرد خاک کیا گیا۔اس سے قبل لواحقین نے میتوں سمیت سول اسپتال کے سامنے مظاہرہ کیا اوربعد میں ریلی کی شکل میں وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے دھرنا بھی دیا ،تاہم انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد مظاہرین نے دھرنا ختم کردیا۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ سانحہ مستونگ کے بعد اب تک آپریشن کے دوران 7 دہشت گرد مارے جاچکے ہیں جبکہ انکی دو کمیں گاہیں تباہ کردی گئی ہیں۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ معصوم لوگوں کےقتل کا بدلہ لینے تک وہ چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالمالک بلوچ نے سانحہ مستونگ پر 2 جون کو کل جماعتی کانفرنس طلب کرلی ہے ۔ سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ کانفرنس وزیراعظم سے مشاورت کے بعد طلب کی گئی ہے۔ کانفرنس میں سانحہ مستونگ کے بعد کی صورت حال اور اقدامات پر متفقہ لائحہ عمل طے کیا جائیگا۔