پاکستان
31 مئی ، 2015

قطیف و دمام دھماکوں کے مجرموں کو سزادی جائے،حامدموسوی

اسلام آباد........ تحریک نفاذ فقہ جعفریہ کے سربراہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی نے کہا ہے کہ یمن پر حملہ سعودی عرب کو پھنسا نے کی سازش ہے جس سے بچنے کیلئے یمن میں فوری جنگ بندی کی جائے ،قطیف و دمام میں بم دھماکوں کے مجرموں کو عبرتناک سزائیں دی جائیں، مسلم ممالک کے تنازعات کے خاتمے کیلئے اوآئی سی کا اجلاس بلایا جائے ،مقامات مقدسہ جنت البقیع و جنت المعلی کی عظمت رفتہ بحال کی جائے ،آیۃ اللہ باقر النمراور شیخ علی سلمان کو رہا کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے خادم الحرمین شاہ سلمان بن عبد العزیز اور امیر بحرین شیخ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کے نام اپنے مراسلات میں کیا ۔مراسلا ت میں انہوں مشرق وسطی کے مسلم ممالک میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پراسلام دشمن قوتوں کے عزائم کو ناکام بنانے کیلئے مسلم ممالک کو اپنے مسائل خود حل کرنے اور ایک دوسرے کے ممالک میں عدم مداخلت کی پالیسی اختیار کرنے پر زوردیا ہے۔ انھوں نے قطیف اور دما م میں یکے بعد دیگرے مسجد امام علی اور مسجد امام حسین میں نماز جمعہ کے اجتماعات پر خود کش حملوں کی پرزور مذمت کرتے ہوئے باورکرایا کہ اسوقت مسلم ریاستیں ابلیسی قوتوں کے نشانے پر ہیں ‘جن کا مقصد عالم اسلام ‘مسلم ممالک اور عوام کو زک پہنچاکر اپنے شیطانی ایجنڈے کی تکمیل کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس طرح حرمین کی حفاظت تمام مسلمانوں کا فریضہ ایمانی ہے اسی طرح کسی انسان اور مسلمان کی جان کی حفاظت بھی ضروری ہے ۔آقای موسوی نے واضح کیا کہ بہترین دوست وہ ہے جو اپنے دوست کو اسکے عیوب سے آگاہ کرے۔انہوں نے خادم الحرمین اشریفین پر زوردیا کہ وہ سعودی عرب میں ایک مخصوص مکتب کے عقائد دوسروں پر مسلط کرنے کی کوششوں کا نوٹس لیں۔انہوں نے امیر بحرین سے اپیل کی کہ وہ بحرین کے عوام کو انکے حقوق ادا کریں ‘جیلوں میں بند اسیروں کورہا کروائیں ۔

مزید خبریں :