پاکستان
31 مئی ، 2015

خیبر پختوں خوا میں بلدیاتی انتخابات:قانوں کی دھجیاں اڑادی گئیں،سینیٹر نگہت

خیبر پختوں خوا میں بلدیاتی انتخابات:قانوں کی دھجیاں اڑادی گئیں،سینیٹر نگہت

کراچی........متحد ہ قومی موومنٹ کی سینیٹر نگہت مرزا حنانے خیبر پختونخوا میں ہونیوالے بلدیاتی انتخابات پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی ،جبرو تشدد ، ر خواتین کو ووٹ کے حق سے محروم رکھنے اور انتخابی قوانین کی کھلے عام دھجیاں اڑائے جانے کے عمل نے ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک بدترین سیاہ باب کا اضافہ کیا ہے جس نے جمہوریت کی نرسری کہلائے جانے والے بلدیاتی انتخابات کے حسن کو ماند کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ 30مئی کوکے پی کے میں بلدیاتی انتخابات کے دوران جس طرح جدید ترین اسلحہ کا استعمال ، پولنگ اسٹیشنوں پر حملے ،خواتین ووٹرز کو ووٹ ڈالنے سے روکنا، مخالف امیدواروں اور سیاسی کارکنوں کو ہلاک و زخمی کئے جانے کے واقعات پیش آئے اس نے پورے بلدیاتی انتخابات کی شفافیت کا بھانڈا پھوڑ دیا ۔انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات میں پیش آنیوالے افسوسناک واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے نزدیک انتخابی ضابطہ اخلاق کی کوئی اہمیت نہیں ہے ۔ان خیالات کا اظہا ر انہوں نے اتوار کی شام خورشید بیگم سیکریٹریٹ عزیزآباد میں حق پرست سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی اور سینیٹر خوش بخت شجاعت کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ صوبہ میں پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کا انعقاد تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کی ذمہ داری تھی لیکن وہ اس میں بری طرح سے ناکام ہوگئی ہے ۔ تحریک انصاف نے جیت حاصل کرنے کے لئے انتخابات کے دوران ہنگامے اور فائرنگ کے سبب 10افراد کو موت کے گھاٹ اُتاردیاگیا، خواتین کو ووٹ ڈالنے کے حق سے روک دیا گیا ، جعلی ووٹ کاسٹ کئے گئے ، تحصیل پہاڑ پور سے ایم کیوایم کے نامزد بلدیاتی امیدوار جنید طارق پر بھی تحریک انصاف کے امیدوار اور ان کے حامیوں نے قاتلانہ حملہ کیا جبکہ مختلف شہروں سے ایم کیوایم کے پولنگ ایجنٹوں کو گن پوائنٹ پر مارپیٹ کے بعد باہر نکال دیا گیا ، تحریک انصاف سمیت دیگر نام نہاد سیاسی و مذہبی جماعتیں صوبے میں الطاف حسین کے حق پرستی کے نظریئے کے فروغ سے خوفزدہ ہیں لیکن پھر بھی بلدیاتی انتخابات میں ایم کیوایم کے انیس امیدوارہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف بہتان تراشیاں کی گئیں اور ہر واقعہ میں ایم کیوایم کو ملوث کرکے اس کا میڈیا ٹرائل کیا گیا لیکن خیبرپختونخوا میں ہونیوالی دھاندلی پر کسی سیاسی یا مذہبی جماعت کومورد الزام نہیںٹھرایا گیا۔انہوں نے صدر ممنو ن حسین ، وزیراعظم نواز شریف ، چیف جسٹس آف پاکستان اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیاکہ وہ بدترین دھاندلی کی شکایات پر تحریک انصاف کی صوبائی حکومت سے باز پرس کریں ، اوربلدیاتی انتخابات کو فوری کالعدم قرار دیں اور غیر جانبدار مبصرین کی زیر نگرانی از سر نو انتخابات کرائیں اور قتل و غارتگری میں ملوث افراد کوسخت سزا دلوائیں ۔

مزید خبریں :