31 مئی ، 2015
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی سمیتا سیدکی والدہ محترمہ جبین افضال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے سمیتاافضال سمیت مرحومہ کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ اپنے تعزیتی بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ماں خدا کی انسان کو عطا کی گئی انمول نعمت ہے جس کا نعم البدل کائنات کے کسی رشتے میں نہیں ہے، غم کی اس گھڑی میں میں اور ایم کیوایم کے تمام کارکنان حق پرست رکن سند ھ اسمبلی کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ الطاف حسین نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سمیتاافضال کی والدہ کے درجات بلند کرکے انہیں اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے ۔دریں اثنا ایم کیوا یم کی رابطہ کمیٹی نے حق پرست رکن سندھ اسمبلی سمیتا افضال سے انکی والدہ محترمہ جبین افضال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیاہے ۔ رابطہ کمیٹی نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کے درجات بلند کرکے انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے اور اہل خانہ کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی ہمت عطا کرے۔واضح رہے کہ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی سمیتا افضال کی والدہ محترمہ دل کے عارضے میں مبتلا تھیں جو اتوار کی شام انتقال کر گئیں ۔