01 جون ، 2015
واشنگٹن.......آئی این پی.......پاکستان اور امریکہ کے درمیان اسٹریٹیجک ڈائیلاگ آج پیر سے شروع ہونگے، جن میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی قیادت میں پاکستانی وفد واشنگٹن پہنچ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی قیادت میں اعلیٰ سطح کا ایک وفد واشنگٹن پہنچ گیا ہے، وفد آج امریکی حکام کے ساتھ اسٹریٹیجک مذاکرات شروع کرے گا۔ امریکی وفد کی قیادت معاون امریکی وزیر برائے آمز کنٹرول اینڈ انٹرنیشنل سکیورٹی روز ایلن گوٹ کریں گے۔ یہ مذاکرات 6ورکنگ گروپوں میں ہونگے، جن میں قانون کی عمل داری، دفاع، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، انسداد دہشتگردی، تعلیم، جوہری عدم پھیلاؤ، معیشت اور توانائی کے شعبے شامل ہیں۔ پاکستانی سفارتخانے کے ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت خارجہ کا وفد امریکی حکام کے ساتھ مختلف موضوعات پر بات چیت کرے گا۔ امریکہ اور پاکستان کے درمیان اسٹریٹیجک مذاکرات کا آغاز 2010ء میں ہوا تھا، لیکن 2011ء میں اسامہ بن لادن کے خلاف امریکی فورسز کے ایبٹ آباد آپریشن کے بعد یہ مذاکرات تعطل کا شکار رہے، نواز شریف حکومت کے قیام کے بعد اگست 2013ء میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری کے دورہ اسلام آباد کے موقع پر ان مذاکرات کی بحالی کا اعلان کیا گیا تھا۔ گزشتہ سال امریکی وزیر خارجہ اور وزیراعظم کے مشیر سرتاج عزیز کے درمیان بھی ملاقاتیں ہوئی تھیں۔ سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری نے واشنگٹن میں پاکستانی سفیر اور دیگر حکام سے بھی ملاقاتیں کی ہیں، جن میں امریکی حکام سے مذاکرات کے حوالے سے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی ہے۔