01 جون ، 2015
کراچی.......مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات سید ناصر شیرازی نے گلگت و بلتستان الیکشن فوج کی نگرانی میں کرانے کا مطالبہ کر دیا۔ان کا کہنا تھا کہ گلگت و بلتستان میں حقیقی معنوںمیںالیکشن فوج کی نگرانی میںہوئے تو مسلم لیگ ن کی ساری امیدوں پر پانی پھر جائے گا۔اگراس فیصلہ پر عملدرآمد ہوا تون لیگ کو اپنے مخصوص روایتی حربوں کو استعمال کرنے کا موقع نہیں مل سکے گا،ن لیگ کے علاقائی سیاستدانوں کو چاہیے کہ وہ بڑے بڑے دعوے کرنے کی بجائے اپنے سیاسی قد کاٹھ کو مدنظر رکھ کر بیان بازی کریں۔گلگت بلتستان میں مسلم لیگ نون کی ’’تشہیری مقبولیت‘‘ کا اندازہ ان کی ناکام الیکشن مہم سے لگایا جا چکاہے ۔ان کے سیاسی اجتماعات میں شریک افراد کو انگلیوں پر گنا جا سکتا ہے۔ ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ عوام نے ہمارا ساتھ دینے کا فیصلہ میرٹ پر کیا ہے۔ہم عوامی خدمت کے لیے گزشتہ کئی سالوں سے میدان میں موجود ہیں، ہم نے ایسے امیدواروں کو نامزد کیا جو بے داغ ماضی کے ساتھ ساتھ پڑھے لکھے ،باشعور اور عوام کے لیے درد دل رکھنے والے ہیں۔ اب اُن سیاستدانوں کے لیے گلگت بلتستان کے لوگوں کے دل میں کوئی جگہ نہیں رہی جو ایک بار الیکشن جیتنے کے بعد دوبارہ دوسرے الیکشن تک دکھائی نہیں دیتے۔