02 جون ، 2015
لندن.......متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ صوبہ خیربختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں زبردست دھاندلی کی گئی ہے اور ایسی دھاندلی پاکستان کی تاریخ میں نہیں دیکھی گئی۔ میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ مختلف ٹی وی چینلز پر الیکشن کے دن بدترین دھاندلی کے مناظردکھائے گئے ہیں اور بعض جگہوں پر لوگوںکو کرکٹ بیٹ کے ساتھ بیلٹ بکس لیکر بھاگتے ہوئے بھی دکھایا گیا ہے،ان بلدیاتی انتخابات میں عوام کو ووٹ دینے سے روکا گیا ہے ،اگر الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوتی تو پی ٹی آئی کو صوبہ خیبرپختونخوا میں خراب کارکردگی کی بنیاد پر کم نشستیں حاصل ہوتیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کی کل آبادی کا51.57 فیصد خواتین پر مشتمل ہے اور خیبرپختونخوا کے بلدیاتی الیکشن میںخواتین کو ووٹ دینے کے حق سے محروم رکھا گیا ہے لہٰذا الیکشن کمیشن کا فرض ہے کہ وہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قراردیکر وہاں کراچی کے حلقہ این اے 246 کی طرح اندر اورباہر رینجرز کے اہلکاروں کی تعیناتی اورپولنگ اسٹیشنوں میں جگہ جگہ سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے از سرنو بلدیاتی الیکشن کرائے ، اگر اس کے باوجود تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوتے ہیں تومیں خود عمران خان کو مبارکباد پیش کروں گا۔انہوں نے کہاکہ ماضی میں یحییٰ خان نے پورے ملک میں فوج کو تعینات کرکے الیکشن کرائے اور ایسے تاریخی اور شفاف الیکشن آج تک نہیں ہوسکے ہیں۔الطاف حسین نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخارحسین کی گرفتاری پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اتنے سینئر ،بزرگ اورپاکستان کے نیک اورایماندار سیاسی رہنما کے ہاتھوںمیں ہتھکڑیاںدیکھ کر میں اپنے آنسو نہیں روک سکا۔ میاں افتخار حسین نے مذہبی جنونیت اور انتہاء پسندی کے خلاف جدوجہد میں اپنے اکلوتے بیٹے کی شہادت کا صدمہ برداشت کیا ہے اور ایک بزرگ سیاستداں کو قتل کے مقدمے میں ملوث کرنا اورہتھکڑیاں لگاکر پیش کرناانتہائی قابل مذمت فعل ہے ۔دریں اثنااورنگی ٹاؤن ، قصبہ علیگڑھ سے منتخب ہونے والے حق پرست اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے مشترکہ بیان کے ذریعے ایم کیو ایم کے بے گناہ کارکنان و ہمدردوں کی بڑے پیمانے پر گرفتاریوںکی شدید الفاظ میں مذمت اور وفاقی اور صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں اور پانی کی عدم فراہمی کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کے کرنے والے بے گناہ کارکنا اور ہمدردوں کو فوری طورپر رہا کیا جائے ۔حق پرست اراکین قومی صوبائی اسمبلی محبوب عالم ، اقبال قادری ، سیف الدین خالد ، محمد حسین اور مظاہر امیر نے کہا کہ 24؍ مئی 2015ء کو اورنگی ٹاؤن اور قصبہ علیگڑھ کے عوام نے پانی کی عدم فراہمی اور حکومت سندھ کی متعصبانہ پالیسیوں کے خلاف ایک بھرپور مظاہرہ کیا تھا۔ اس مظاہرے کے بعد سے عوام کو سزا دینے کے لئے بے گناہ کارکنان و عوام کو گرفتار کرکےجھوٹے مقدمات قائم کرنے کا سلسلہ تیز کردیا گیا ہے ۔اراکین اسمبلی نے صدر ممنون حسین ، وزیراعظم نوازشریف ، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ اس صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔