پاکستان
02 جون ، 2015

رہنمائوں کی الطا ف حسین کے والدین کی قبروں پر حاضری و فاتحہ خوانی

رہنمائوں کی الطا ف حسین کے والدین کی قبروں پر حاضری و فاتحہ خوانی

کراچی.......متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے انچارج کہف الوریٰ ، اراکین قمر منصور ، عارف خان ایڈووکیٹ اور شبیر احمد قائم خانی نے شب برات کے موقع پر عزیز آباد اور پاپوش نگر قبرستان جاکر قائد تحریک الطاف حسین کے والدین اور حق پرست شہداء کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر کی چڑھائی ۔ اس موقع پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین بھی ان کے ہمراہ تھے ۔تفصیلات کے مطابق رابطہ کمیٹی کے اراکین نے عزیز آباد کے شہداء قبرستان میں حق پرست شہداء کی قبروں پر حاضری دی جبکہ پاپوش نگر کے قبرستان میں الطاف حسین کے والد نذیر حسین ، والدہ خورشید بیگم کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی ۔ بعدازاں رابطہ کمیٹی کے اراکین نے شب برات کے موقع پر عزیز آباد ، پاپوش نگر اور شہر کے دیگر قبرستانوں کا دورہ کیا اوراس موقع پر قبرستان آنے والے افراد کیلئے ایم کیوایم اور خدمت خلق فائونڈیشن کی جانب سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ رابطہ کمیٹی کے اراکین نے قبرستانوں کے باہر ایم کیوایم اور خدمت خلق فائونڈیشن کے تحت لگائے گئے کیمپوں پر بھی گئے اور وہاں خدمات انجام دینے والے رضاکاروںکو الطاف حسین کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا ۔اس موقع پررابطہ کمیٹی کے اراکین نے قبرستانوں کی گزرگاہوں اور اطراف میں کئے گئے صفائی ستھرائی اور لائٹنگ کے انتظامات بھی دیکھے اور اس ضمن میں مزید ہدایتیں بھی دیں ۔ دریں اثنا ایم کیو ایم کی کمیٹی برائے لاپتہ افراد کے انچارج بابر انیس و ممبرا ن کمیٹی نے حکومتی کمیشن برائے لاپتہ افراد کے سربراہ جسٹس (ر) جاوید اقبال اور ممبران کمیشن برائے سندھ جسٹس (ر) ڈاکٹر غوث محمد سے دردمندانہ اپیل کی ہے کہ کراچی میں جاری آپریشن کی آڑ میںمہاجروں کا استحصال بند کرایا جائے اور اردو بولنے والوں کی غیر قانونی گرفتاری اور جبری گمشدگی کے تسلسل کو بھی ختم کرایا جائے۔اپنے ایک بیان میں کمیٹی برائے لاپتہ افراد نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ کے دوران قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے 50سے زائد مہاجرنوجوانوں کو غیر قانونی طور پر گرفتا ر کرکے جبری طور پر گمشدہ کردیا گیا ہے ،دوسری جانب اعلیٰ عدالتوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مسلسل معصوم و بیگناہ افراد کی گرفتاریوں سے انکار کیا جارہا ہے جو کہ باعثتشویش ہے ۔انھوں نے مزید کہا کہ حکومتی کمیشن فوری طور پر کراچی میں اجلاس منعقد کرکے غمزدہ اور بے بس مہاجروں کی دادرسی کرے اور ان کے پیاروں کو جلد از جلد بازیاب کرائے ۔

مزید خبریں :