03 جون ، 2015
شکاگو.......پاکستان یونائیٹڈ پریڈ کمیٹی کے چیئرمین جمیل احمد خان نے کہاہے کہ اس مرتبہ شکاگو، امریکا میں یوم آزاد ی کی تقریبات اور منفرد اور دلکش انداز میں منائے جائے گی۔تقریبات کی تیاری کا کام تیزی سے جاری ہے اوراس موقع پر مختلف پروگرامز منعقد ہوں گے جس میں کھیلوں کے مقابلے ، پتنگ بازی، میوزک کا کنسرٹ سرفہرست ہیں جمیل احمد خان نے کہاکہ 16 اگست کو شکاگوکے ڈیوان ایونیو میںعظیم الشان پریڈہوگی جس میں ریاست الی نائے کے گورنر، شکاگوکے میئر، قونصل جنرل پاکستان اور امریکا میں پاکستانی سفیر جلیل عباس جیلانی شرکت کریں گے ،یوم آزادی کی تقریبات کا آغاز 25 جولائی سے ہوگا جو 16 اگست تک جاری رہیں گی۔ 25 جولائی کو پول ٹیبل چیمپین شپ شروع ہوگی۔ جس میں 64 میچز ہوں گے جبکہ پہلی بار کرکٹ ٹورنامنٹ کا بھی انعقاد کیا جارہا ہے جس کا آغاز9 اگست سے ہوگا ۔ٹور نامنٹ میں 16 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔جمیل خان نے کہاکہ اس بار یوم آزادی کی تقریبات کی سب سے منفرد چیز پاکستان پتنگ میلہ ہے جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی انہوں نے کہاکہ 16 اگست کو خصوصی میلہ کا بھی منعقد کیا جائے گا۔ جس میں کاسمیٹک، چوڑیاں ، کپڑے ، کھانے پینے کے اسٹال سمیت مختلف اسٹالز لگائیں جائیں گے۔