03 جون ، 2015
کراچی.......سندھ اور پنجاب سمیت ملک کےمختلف علاقوں میں ہونےوالی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ طویل انتظار کے بعد بالآخر سندھ کی پیاسی دھرتی پر قدرت نے ابر رحمت برسانا شروع کردی۔ حیدرآباد، نواب شاہ، پڈعیدن اور لاڑکانہ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تیز ہواؤں کےساتھ طوفانی بارش نے جل تھل ایک کردیا۔ بارش کے بعد شدید گرمی اور حبس کا زور بھی ٹوٹ گیا ہے۔ منچلے نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور بارش کے مزے لیتے رہے۔ماہرینِ موسمیات نے بارش کو سندھ کیلئے انتہائی مثبت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کے بعد سندھ میں پیدا ہونے والے پانی کے بحران میں کمی آئے گی۔ سرگودھا سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔