پاکستان
03 جون ، 2015

خیبر پختون خوا حکومت کے اتحادی اور اپوزیشن سڑکوں پر

خیبر پختون خوا حکومت کے اتحادی اور اپوزیشن سڑکوں پر

پشاور......خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کچھ اس انداز میں مکمل ہوئے ہیں کہ حکومت کے اتحادی بھی سڑکوں پر ہیں اور اپوزیشن جماعتیں بھی سراپا احتجاج ہے۔پشاور میں آج بھی تقریباً تمام اہم سیاسی و مذہبی جماعتوں نے انتخابات کے خلاف احتجاج کیا۔ پشاور میں جے یو آئی ف اور اے این پی نے فردوس سے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے شرکاء بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کے خلاف وزیر اعلیٰ ہاؤس کے سامنے احتجاج ریکارڈ کرانا چاہتے تھے، تاہم انہیں خیبر پختونخوا اسمبلی کے سامنے روک دیا گیا جہاں انہوں نے تقریباً ایک گھنٹے تک احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں دھاندلی کا واویلا مچانے والی تحریک انصاف سے انہیں خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں دھاندلی کی توقع نہیں تھی۔ آج گلی محلے سے لے کر اضلاع اور صوبہ کی سطح پر ہر شخص اور ہر جماعت دھاندلی کا رونا رو رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں منصوبہ بندی کی گئی۔ ہم چاہتے ہیں کہ حکومت جائے اور از سر نو عام اور بلدیاتی دونوں انتخابات کرائے جائیں۔ جماعت اسلامی جو خیبر پختونخوا حکومت کی بڑی اتحادی جماعت ہے وہ بھِی بلدیاتی انتخابات کے دن سے لے کر آج تک روزانہ کی بنیاد پر احتجاج کر رہی ہے اور مسلسل حکومت کو دھاندلی اور بد انتظامی کا ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن قائم کر کے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کی جائیں۔

مزید خبریں :