05 جون ، 2015
واشنگٹن.........سیکریٹری خارجہ اعزاز احمد چودھری نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت نہیں کر رہا ہے۔ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھارت سے لاحق خطرے کے پیش نظر ملکی دفاع کے لیے ہے۔ سیکریٹری خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقاتوں کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں اس بات کی سختی سے تردید کی کہ پاکستان سعودی عرب کو ایٹمی ہتھیار فروخت کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے تمام باتیں بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔ پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے کسی ملک کا کچھ لینا دینا نہیں ہے۔ ایٹمی معاملات پر سعودی عرب سے کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے۔ سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے جو پاکستان نے مشرق کی طرف سے لاحق خطرے کے پیش نظر حاصل کی ہے۔